4 روزہ اجلاس میں 16 سے زائد ممالک کی 40 سے زیادہ سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندگان شریک ہوئے
الخدمت پاکستان کے وفد نے ملائیشیا میں یونیو کے 40ویں کونسل اجلاس میں شرکت کی۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص کی سربراہی میں وفد نے ملائیشیا کے شہر پتراجایا میں منعقدہ یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ (UNIW) کے 40ویں کونسل اجلاس میں شرکت کی۔
4 روزہ اجلاس میں 16 سے زائد ممالک کی 40 سے زیادہ سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ وفد میں جنرل مینیجر انٹرنیشنل افیئرز احمد طور اور ترکی میں الخدمت کے نمائندہ عمر فاروق بھی شامل تھے۔
سید احسان اللہ وقاص نے بتایا کہ اجلاس میں مسلم دنیا کو درپیش انسانی، سماجی اور معاشی مسائل، فلسطین سمیت مختلف خطوں میں جاری انسانی بحرانوں اور عالمی سطح پر انسانی امداد کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کی سول سوسائٹی تنظیموں کے درمیان تعاون، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ فلاحی اقدامات کو وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں یونیو کی گزشتہ سرگرمیوں اور آئندہ کی پالیسی و حکمتِ عملی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ یونیورسٹی پوترا ملائیشیا میں ’’مسلم دنیا میں جغرافیائی سیاست اور عالمی تبدیلیاں‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد ہوئی، جس میں عالمی سطح پر تیزی سے بدلتی صورتحال اور مسلم دنیا پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
سید احسان اللہ وقاص کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی اس عالمی فورم میں شرکت کا مقصد بین الاقوامی فلاحی اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کرنا، عالمی تجربات سے استفادہ کرنا اور مشترکہ انسانی و فلاحی اقدامات کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران الخدمت کے وفد نے مختلف ممالک کے مندوبین اور ملائیشیا کی شراکت دار تنظیموں کے نمائندگان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی تعاون اور مستقبل کے مشترکہ فلاحی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔
یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ کے عالمی نیٹ ورک میں 66 ممالک کی 401 تنظیمیں شامل ہیں، جو انسانی امداد، تعلیم، انسانی حقوق، سماجی و معاشی ترقی اور دیگر فلاحی شعبوں میں کام کرنے والی تنظیموں کے درمیان رابطے، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے لیے عالمی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔
