متاثرہ آئل ٹینکر کی شناخت الگایا (Algaya) کے نام سے کی ہے
آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے دوران ایک آئل ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق واقعہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں پیش آیا، جہاں آئل ٹینکر ایک محدود علاقے سے گزرنے کی کوشش کررہا تھا۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ نے متاثرہ آئل ٹینکر کی شناخت الگایا (Algaya) کے نام سے کی ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جہاز میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں اور آگ نے پورے ٹینکر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ایران نے جوہری سربراہ کا ویزا مسترد کرنے پر آسٹریا کے سفارت کار کو طلب کر لیا
بحیرہ احمر پر حوثی باغیوں کی بڑی پیش قدمی، 2 اہم جزیروں پر قبضہ کر لیا
پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق جس سمندری راستے سے آئل ٹینکر گزرنے کی کوشش کررہا تھا، اس کے استعمال کے خطرے سے متعلق پہلے ہی انتباہ جاری کیا جاچکا تھا۔ ایرانی حکام نے واقعے کے بعد ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز ان کی نگرانی اور کنٹرول میں ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین سمندری تجارتی راستوں میں شمار ہوتی ہے اور یہاں کسی آئل ٹینکر کو پیش آنے والا واقعہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل اور توانائی کی منڈیوں کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔
دوسری جانب جنوبی ایران میں بھی سمندری حدود میں ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جہاں دو ایرانی ماہی گیر کشتیاں ڈرون حملوں کی زد میں آگئیں۔ حملوں کے بعد کئی ماہی گیروں کے لاپتا ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم ان کی تعداد اور حملوں کے مکمل حالات سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
