مقامی گیس کی فراہمی کے حوالے سے گھریلو صارفین ترجیح ہوں گے، وزیراعظم کی زیر صدارت جلاس کو بریفنگ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے پیشگی اقدامات کرنے اور جامع لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عمل درآمد کے حوالے سے بھرپور عوامی آگہی مہم چلائی جائے، موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد کے حوالے سے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس کو گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی کے حوالے سے گھریلو صارفین ترجیح ہوں گے جبکہ بجلی کی پیداوار اور صنعتوں کے لیے آر ایل این جی ترجیح ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھریلو سطح پر مقامی گیس کی جگہ متبادل ذرائع توانائی کو فروغ دینے کے حوالے سے عوامی آگہی مہم شروع کی جائے گی۔
ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس کے ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، واٹر و اسپیس ہیٹنگ کے لیے بجلی ہر چلنے والے آلات کے حوالے سے بینک فنانسنگ کی سہولت متعارف کروانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
