• ستمبر 16, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 16, 2026 7:28 شام
  • پاکستان

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام میں اسکیم سے متعلق کسی بھی قسم کی آگاہی کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کردی

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاری پیٹرول سبسڈی اسکیم کے تحت عوام کو ریلیف کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو متحرک رہنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورت حال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے عوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت ڈیسک پر موجود افراد اسکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام میں اسکیم سے متعلق کسی بھی قسم کی آگاہی کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ کے افتتاح کے بعد اب پورے ملک بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں اسکیم کا افتتاح کیا جا چکا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سکیم کو عوام کے لیے انتہائی آسان بنایا گیا ہے، فیول سبسڈی اسکیم کی رجسٹریشن کے لیے صرف چار معلومات درکار ہیں، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ اس اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے درکار چار بنیادی معلومات ہیں۔

اجلاس کو بتایا گای کہ فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk⁠ پر دستیاب ہیں اور کامیاب ریجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ اسکیم کو ملک گیر سطح پر نافذ کرنے کے لیے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے