• ستمبر 22, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 22, 2026 9:48 صبح
  • پاکستان

یہ تحقیق جنوبی کوریا کے انسٹی ٹیوٹ آف بیسک سائنس میں کی گئی

ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دماغ میں موجود ایک اہم مالیکیول میں معمولی سی تبدیلی شاید یہ سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے کہ الزائمر کی بیماری کس طرح اعصابی خلیوں کے درمیان غیر معمولی رابطوں سے بڑھ کر یاد داشت کو متاثر کرنے والی بیماری بن جاتی ہے۔

پچھلی تحقیقات کے مطابق دماغ میں بننے والے غیر معمولی پروٹین کے گچھے جنہیں ایمیلائڈ پلاکس اور ٹاؤ ٹینگلز کہا جاتا ہے، الزائمر کی بیماری کی اہم وجوہات میں شمار ہوتے ہیں۔

یہ پروٹین گچھے دراصل ایک وسیع تر خرابی کی علامت ہیں جس کے دوران دماغ کے اعصابی خلیے ضرورت سے زیادہ سرگرم ہو جاتے ہیں، ایک دوسرے سے اپنے رابطے کھونے لگتے ہیں اور انہیں سہارا دینے والے خلیے بھی غیر معمولی طور پر متحرک ہو جاتے ہیں۔ تاہم، یہ تمام تبدیلیاں آخرکار یادداشت اور سوچنے کی صلاحیت میں کمی کا سبب کیسے بنتی ہیں، یہ اب بھی الزائمر کے سب سے بڑے معموں میں سے ایک ہے۔

جنوبی کوریا کے انسٹی ٹیوٹ آف بیسک سائنس کی نئی تحقیق کے مطابق ایک ریسیپٹر پروٹین مالیکیول ای آر بی بی 4 شاید اس گتھی کی اہم کڑی ہو سکتا ہے۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ اعصابی خلیوں کی ایک قسم (جسے ایکسائٹریٹری نیورونز کہا جاتا ہے) میں ای آر بی بی 4 ریسیپٹر کی غیر معمولی سرگرمی الزائمر سے وابستہ کئی مسائل کو بیک وقت جنم دے سکتی ہے۔

محققین نے دیکھا کہ الزائمر کے عمل کے ابتدائی مرحلے ہی میں ایک مخصوص قسم کے ایکسائٹریٹری نیورونز نمودار ہونے لگتے ہیں اور ان خلیوں میں ای آر بی بی 4 ریسیپٹر موجود ہوتا ہے۔ یہ ریسیپٹر اعصابی خلیوں کو بیرونی سگنلز کا جواب دینے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے سب سے پہلے دماغ کے دو اہم اقسام کے خلیوں (ایسٹرو سائٹس اور مائیکروگلیا) کا جائزہ لیا۔ یہ خلیے نیورونز کو سہارا دینے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری یا خراب ہونے والے اعصابی رابطوں کو صاف کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

سائنس دان کافی عرصے سے یہ شبہ رکھتے آئے ہیں کہ الزائمر میں ایسٹرو سائٹس اور مائیکروگلیا کا یہ قدرتی صفائی کا نظام متاثر ہو جاتا ہے۔

محققین نے پایا کہ الزائمر جیسی علامات رکھنے والے چوہوں میں ایسٹرو سائٹس اور مائیکروگلیا نے صحت مند ایکسائٹریٹری نیورونز کے درمیان موجود رابطوں کو بھی بڑھتی ہوئی تعداد میں ختم کرنا شروع کر دیا۔

یعنی ممکنہ طور پر مسئلہ صرف یہ نہیں کہ الزائمر میں دماغ کے خلیوں کے درمیان رابطے کمزور ہوتے ہیں بلکہ دماغ کا اپنا حفاظتی اور صفائی کا نظام بھی غلطی سے صحت مند اعصابی رابطوں کو ختم کرنے لگتا ہے اور ای آر بی بی 4 اس عمل میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے