الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز اور سب سے زیادہ ووٹرز والے اضلاع کی تفصیلات جاری کر دیں
ملک بھر میں ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ 69 ہزار 217 ہوگئی، دو ماہ کے دوران ووٹرز کی تعداد میں 2 لاکھ 95 ہزار کا اضافہ ہوا ہے جبکہ لاہور 74 لاکھ 12 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کے ساتھ سب سے بڑا ضلع شمار کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کے اعداد وشمار جاری کر دیے۔
اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 75 لاکھ 71 ہزار 216 ہوگئی، صوبے میں 2 ماہ کے دوران 94 ہزار 582 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا۔ خیبر پختونخوا میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 34 لاکھ 92 ہزار 258 ہوگئی، دو ماہ کے دوران 85 ہزار 309 نئے ووٹرز رجسٹرڈ ہوئے۔
سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 87 لاکھ 41 ہزار 92 ہوگئی، دو ماہ کے دوران 65 ہزار 345 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا۔ بلوچستان میں ووٹرز کی تعداد 58 لاکھ 154 ہوگئی، دو ماہ کے دوران 37 ہزار 372ووٹرز بڑھ گئے۔
اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 64 ہزار 497 ہوگئی، وفاقی دارالحکومت میں دو ماہ کے دوران 12 ہزار 210 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا۔
الیکشن کمیشن نے سب سے زیادہ ووٹرز والے اضلاع کی تفصیلات بھی جاری کر دیں جس کے مطابق لاہور 74 لاکھ 12 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کے ساتھ سب سے بڑا ضلع شمار کیا گیا جبکہ شیرانی 52ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کے ساتھ پاکستان کا سب سے جھوٹا ضلع نکلا۔ اسلام آباد میں 12 لاکھ 64 ہزار 497 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں 55 لاکھ 83 ہزار 461 ووٹرز، راولپنڈی میں 34 لاکھ 95 ہزار ایک، ملتان میں 32 لاکھ 77 ہزار 884 ووٹرز، گجرانوالہ میں 29 لاکھ 62 ہزار 772 ووٹرز اور سیالکوٹ میں 29 لاکھ 60 ہزار 283 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
کراچی سینٹرل میں 22 لاکھ 77 ہزار 495 ووٹرز، ایسٹ میں 18 لاکھ 6 ہزار 179 ووٹرز، کورنگی میں 16 لاکھ 30 ہزار 590 ووٹرز، ساؤتھ میں 13 لاکھ 13 ہزار 906 ووٹرز اور ویسٹ میں 10 لاکھ 25 ہزار 410 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ شہر میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 80 لاکھ 53ہزار 580 ووٹرز بنتی ہے۔
سندھ کے دیگر شہروں خیرپور میں 14 لاکھ 50 ہزار 378 ووٹرز، حیدرآباد میں 12 لاکھ 87 ہزار 640 ووٹرز، نوشہرو فیروز میں 9 لاکھ 97 ہزار 162 ووٹرز، بدین میں 9 لاکھ 96 ہزار 858 ووٹرز، گھوٹکی میں 9 لاکھ 87 ہزار 298 ووٹرز اور شہید بینظیر آباد میں 9 لاکھ 87 ہزار 125 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
سکھر میں 8 لاکھ 82 ہزار 50 ووٹرز، میرپور خاص میں 9 لاکھ 14 ہزار 290 ووٹرز، لاڑکانہ میں 9 لاکھ 18 ہزار 592 ووٹرز، تھرپارکر میں 7 لاکھ 78 ہزار 914 ووٹرز اور عمرکوٹ میں 6 لاکھ 25 ہزار 238 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں 22 لاکھ 45 ہزار 452 ووٹرز، مردان میں 16 لاکھ 43 ہزار 274 ووٹرز، مانسہرہ میں 11 لاکھ 82 ہزار 277 ووٹرز، سوات میں 9 لاکھ 12 ہزار 653 ووٹرز ور چارسدہ میں 11 لاکھ 38 ہزار 99 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کوئٹہ بلوچستان کا سب سے بڑا ووٹر ضلع ہے، جہاں 9 لاکھ 48 ہزار 657 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
کوئٹہ کے علاوہ پشین میں 3 لاکھ 47 ہزار 91 ووٹرز، خضدار میں 3 لاکھ 20 ہزار 871 ووٹرز، کیچ میں 2 لاکھ 87 ہزار 518 ووٹرز، نصیرآباد میں 2 لاکھ 57 ہزار 501 ووٹرز اور چمن میں 2 لاکھ 7 ہزار 882 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
ڈیرہ بگٹی میں ایک لاکھ 52 ہزار 555 ووٹرز، حب میں ایک لاکھ 52 ہزار 866 ووٹرز، جعفرآباد میں ایک لاکھ 50 ہزار 352 ووٹرز اور گوادر میں ایک لاکھ 49 ہزار 337 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
