• اکتوبر 6, 2026
  • آخری اپڈیٹ اکتوبر 6, 2026 1:58 شام
  • پاکستان

کسی بھی افسر یا اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کرپشن کے خاتمے کے ویژن کے تحت اہم کارروائی سامنے آگئی، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک کو رشوت کے لفافے سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کروا دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے پنجاب سے کرپشن کے خاتمے، شفافیت اور احتساب کے ویژن کے تحت بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے حالیہ دنوں میں بھی سرکاری افسران و اہلکاروں کو کرپشن کے خلاف سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اسی ویژن اور حکومتی ہدایات کی روشنی میں محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں ایک اہم کارروائی عمل میں آئی۔

سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک عمران برتھ، مورخہ 05 اکتوبر 2026ء کو تقریباً رات 10 بجے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے آئے۔

ملاقات کے دوران ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے سیکیورٹی، سیفٹی اور دیگر انتظامی امور پر گفتگو ہوئی بعدازاں وہ وہاں سے روانہ ہوگئے لیکن تقریباً دو منٹ بعد سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک دوبارہ واپس آئے اور ایک اہم بات کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

آئی جی جیل خانہ جات ڈرائنگ روم میں پہنچے تو عمران برتھ وہاں موجود تھے۔ اسی دوران انہوں نے نوٹوں سے بھرا ہوا ایک لفافہ براہِ راست آئی جی جیل خانہ جات کی میز پر رکھ دیا

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے فوری طور پر رشوت کی رقم قبول کرنے سے انکار کیا اور واقعہ کی اطلاع فوری طور پر سیکرٹری ہوم پنجاب کو دی۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کو فوری کارروائی کے لیے اطلاع دی گئی۔

اینٹی کرپشن حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک عمران برتھ کو رشوت کے لفافے سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

یہ کارروائی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ کرپشن کے خلاف کارروائی کسی نچلے درجے کے اہلکار کے خلاف نہیں بلکہ محکمہ جیل خانہ جات کے ایک اہم انتظامی عہدے پر فائز سپرنٹنڈنٹ جیل کے خلاف عمل میں لائی گئی ہے۔ کارروائی سے یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات میں کرپشن کے خلاف کارروائی بلاامتیاز اور عہدے سے بالاتر ہو کر کی جائے گی۔

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے واضح کیا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات میں کرپشن، رشوت ستانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کسی بھی افسر یا اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

محکمہ جیل خانہ پنجاب کے مطابق واقعہ کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے قانون کے مطابق جاری ہیں۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے