تفتیش کے دوران ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ مقتول رات کے پہر عجیب آوازیں بلند کررہا تھا
پیرآباد پولیس نے قصبہ کالونی میں دو روز قبل 30 سالہ محمد شاہ کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق قصبہ ڈھائی نمبر کے علاقے میں ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا جہاں دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ملزم شفیع اللہ ولد شیرین زادہ زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، خول اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، جبکہ زخمی ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم دو روز قبل چاٹی ہوٹل کے قریب 30 سالہ محمد شاہ کے قتل میں ملوث تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ مقتول رات کے پہر عجیب آوازیں بلند کررہا تھا جس پر اسے خوف محسوس ہوا اور اس نے مقتول کو جن سمجھ کر فائرنگ کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش اور ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔
