پاکستان آرمی، پاکستان نیوی اور پاکستان ایئر فورس نے بھی سمٹ میں شرکت کی
پاکستان اسکول سمٹ 2026ء ایکسپو سینٹر کراچی میں دو روزہ کامیاب انعقاد کے بعد ختم ہو گیا جس میں ملک بھر سے 16,322 طلبہ، 183 اسکولوں، 237 پرنسپلز، 713 اساتذہ اور 4,312 والدین نے شرکت کی۔
اسکول سمٹ اتنظامیہ کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اسکول سمٹ میں تعلیم، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، روبوٹکس، اسٹیم (STEM)، کوڈنگ، وی آر/اے آر (مجازی و افزودہ حقیقت)، کیریئر، تخلیقی صلاحیتوں اور اسکول لیڈرشپ سے متعلق 48 مختلف سرگرمیاں اور انٹرایکٹو، تجربات فراہم کیے گئے۔
سمٹ کا افتتاح بریگیڈیئر یعقوب اعوان، سیکٹر کمانڈر آئی ایس پی آر سندھ نے کیا۔ پاکستان آرمی، پاکستان نیوی اور پاکستان ایئر فورس نے بھی سمٹ میں شرکت کی، جہاں طلبہ کو دفاعی شعبے میں موجود مختلف کیریئرز، مواقع اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔
پاکستان اسکول سمٹ میں طلبہ کو روایتی کانفرنس کے بجائے عملی اور تعاملی تجربات فراہم کیے گئے۔ 48 سرگرمیوں میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، اسٹیم، کوڈنگ، ڈرون ٹیکنالوجی، وی آر/اے آر، گیمنگ، مالیاتی خواندگی (فنانشل لٹریسی)، صحت و تندرستی، تخلیقی سرگرمیاں، جامع تعلیم (انکلوژو ایجوکیشن)، کیریئر رہنمائی اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز شامل تھیں۔
ان سرگرمیوں کا مقصد طلبہ کو صرف ٹیکنالوجی دکھانا نہیں بلکہ انہیں تجربہ کرنے، سوال کرنے، مقابلہ کرنے اور سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔
سمٹ میں اساتذہ اور پرنسپلز کے لیے خصوصی تربیتی اور صلاحیتی بالیدگی (کیپیسٹی بلڈنگ) کے نشستیں بھی منعقد کی گئیں، جن میں جدید تعلیمی طریقہ کار، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اسکول لیڈرشپ اور مستقبل کے اسکولوں کی ضروریات پر توجہ دی گئی۔
منتظمین کے مطابق شرکاء کو تقریباً 380 امریکی ڈالر مالیت کے گوگل پرو اَکاؤنٹس بھی فراہم کیے گئے تاکہ تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کو جدید ڈیجیٹل ٹولز اور پیشہ ورانہ وسائل تک رسائی حاصل ہو سکے۔
سمٹ کے دوران اسکولوں، تعلیمی اداروں اور ٹیکنالوجی شراکت داروں کے درمیان 48 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے۔
منتظمین کے مطابق ان معاہدوں سے اسکولوں اور تعلیمی و ٹیکنالوجی اداروں کے درمیان مستقبل کے تعاون اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے نئے مواقع پیدا ہوئے۔ دو روزہ سمٹ کا اختتام پاکستان اسکول ایوارڈز 2026 کے ساتھ ہوا، جس کے لیے 800 سے زائد نامزدگیاں موصول ہوئیں۔
"اسکول آف دی ایئر کراچی" کا اعزاز مشترکہ طور پر ہیپی پیلس اور دی اکیڈمی کو دیا گیا، "پرنسپل آف دی ایئر" کا اعزاز عرفہ افتخار (دی سٹی اسکول) اور مصطفیٰ حکیم الدین نجمی (ایم ایس بی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ) کو دیا گیا۔
منتظمین کے مطابق پاکستان اسکول سمٹ کا مقصد ایک ایسا قومی پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں طلبہ، والدین، اساتذہ، پرنسپلز، تعلیمی ادارے اور ٹیکنالوجی کمپنیاں ایک دوسرے سے جڑ سکیں اور تعلیم کے مستقبل پر عملی کام کر سکیں۔
