گوگل کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل طویل اور پیچیدہ نوعیت کے کام مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے
گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اپنا نیا ماڈل ’جیمنائی 4 آرگون‘ پیش کردیا ہے، جسے کمپنی نے اب تک کا سب سے طاقتور اے آئی ماڈل قرار دیا ہے۔ یہ ماڈل کوڈنگ، تحقیق اور تحریر سمیت مختلف نوعیت کے پیچیدہ کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گوگل کے مطابق جیمنائی 4 آرگون کی سب سے نمایاں خصوصیت سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں اس کی صلاحیت ہے۔ فی الحال یہ ماڈل عام صارفین کے بجائے کمپنی کے محدود سائبر پارٹنرز کے لیے دستیاب کیا گیا ہے۔
کمپنی نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ آرگون کو دفاعی سائبر ورک کے لیے خصوصی طور پر تربیت دی گئی ہے اور یہ خودکار انداز میں سافٹ ویئر کی کمزوریوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ انہیں دور کرنے میں بھی مدد کرسکتا ہے۔
کوڈنگ کے حوالے سے بھی گوگل نے اس ماڈل کو مؤثر قرار دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کے اپنے ملازمین روزمرہ کے کاموں، جن میں ڈی بگنگ اور کوڈ بیس کی منتقلی شامل ہے، کے لیے جیمنائی 4 آرگون استعمال کر رہے ہیں۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل طویل اور پیچیدہ نوعیت کے کام مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کے کام کرنے کا انداز اے آئی کے استعمال میں نمایاں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔
اے آئی کی مسابقتی دوڑ میں گوگل کو ایک عرصے تک اپنے حریفوں کے مقابلے میں پیچھے تصور کیا جاتا رہا، تاہم جیمنائی کی حالیہ پیش رفت نے کمپنی کی پوزیشن کو نمایاں طور پر تبدیل کیا ہے۔ گوگل نے اگست میں بتایا تھا کہ جیمنائی استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی ہے۔
