• ستمبر 12, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 12, 2026 9:58 صبح
  • پاکستان

جب خوف ہماری صلاحیتوں، ارادوں اور خوابوں کے راستے میں رکاوٹ بن جائے تو اسے شکست دینا ضروری ہوجاتا ہے

خوف، ہنسی، خوشی، غصے کی طرح ایک فطری جذبہ ہے۔ کوئی بھی شخص ایسا نہیں جسے کوئی خوف نہ ہو، کسی کو اونچائی کا خوف ہے تو کوئی اندھیرے سے ڈرتا ہے، کسی کو ٹریفک حادثات کا خوف ہے تو کسی کو ناکامی کا خوف۔ خوف کوئی بھی ہو بہرحال ایک بحث طلب معاملہ ہے۔

خوف انسان کی فطرت میں شامل ایک ایسا جذبہ ہے جو اسے خطرات سے آگاہ کرتا ہے۔ جب انسان کسی مشکل، ناکامی، نقصان یا نامعلوم صورتحال کا سامنا کرتا ہے تو اس کے دل میں خوف پیدا ہوتا ہے۔ بعض اوقات یہی خوف ہمیں محتاط اور محفوظ رکھتا ہے، لیکن جب خوف ہماری صلاحیتوں، ارادوں اور خوابوں کے راستے میں رکاوٹ بن جائے تو اسے شکست دینا ضروری ہوجاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ دنیا میں کامیاب ہونے والے لوگ وہ نہیں ہوتے جنہیں کبھی خوف محسوس نہیں ہوتا، بلکہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو خوف کے باوجود آگے بڑھنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔

خوف کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں۔ بعض اوقات ہم کسی نامعلوم چیز کے بارے میں ڈر پیدا کرلیتے ہیں۔ جب ہم کسی چیز کے بارے میں جانتے نہیں تو ایک انجانا سا ڈر دل میں آنے لگتا ہے، مثلاً ایک طالب علم امتحان سے ڈرتا ہے اور اسے ناکامی کا خوف ہوتا ہے۔ اب ناکامی کوئی چیز نہیں ہوتی صرف طالب علم کا تخیل ہوتا ہے۔ یہی سوچ اسے کامیاب نہیں ہونے دیتی۔ حالانکہ اگر وہ چاہے تو امتحانات کی بھرپور تیاری کرکے کامیابی کی راہ پر آسکتا ہے۔

انسان کی منفی سوچ بھی خوف کو جنم دیتی ہے۔ جب ہم کسی چیز یا شخص کے بارے میں منفی رائے قائم کر لیتے ہیں تو بھی ہم خوفزدہ ہونے لگتے ہیں۔ جبکہ مثبت سوچ ہمیں کامیابی کی راہ پر گامزن کیے رکھتی ہے۔

خوف کی سب سے بڑی خرابی یہ ہے کہ یہ انسان کو اس کی اصل طاقت کا احساس نہیں ہونے دیتا۔ انسان کسی کام کو شروع کرنے سے پہلے ہی یہ سوچ لیتا ہے کہ وہ ناکام ہوجائے گا۔ نتیجتاً وہ کوشش ہی نہیں کرتا۔ یوں ناکامی کا خوف اسے کامیابی کے موقع سے محروم کر دیتا ہے۔

خوف بعض اوقات ہمارے لیے اچھا ہوتا ہے، مثلاً خطرناک کھیلوں اور ایڈونچر سے ڈر لگنا ہمیں مصیبت سے بچاتا ہے، لیکن اگر خوف ایک حد سے بڑھ جائے تو یہ نقصان دہ ثابت ہوتا ہے اور ہم اپنے روزمرہ کے امور بھی سرانجام دینے سے قاصر ہوجاتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں انسان کو ماہر نفسیات کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے جو کونسلنگ اور ادویات کے استعمال کے بعد خوف کی علامات کو بتدریج کم کرسکتا ہے۔ ایک مثال لیں کہ ایک مقرر تقریر کرنے سے اتنا گھبرائے کہ اسے ہجوم کا خوف ہی ناکامی کا احساس دلانے کے لیے کافی ہو یا ایک طالب علم امتحانات سے اتنا ڈرے کہ وہ کتاب کھولنے پر ہی آمادہ نہ ہو تو یہ خوف نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔

خوف یا ڈر ہمیں کسی شخص کی رائے سے بھی ہو سکتا ہے۔ بہت سے لوگ اپنے خواب دیکھنا چھوڑ دیتے ہیں کہ انھیں دوسروں کی تنقید سے پریشانی ہوتی ہے۔ وہ محفوظ راستہ اختیار کرتے اور کوشش سے گریز کرتے ہیں۔ یاد رکھیں لوگوں کا آپ کے بارے میں باتیں کرنا آپ کو صرف ایک حد تک متاثر کرنا چاہیے، اب چاہے وہ بات مثبت و یا منفی اسے اپنے ذہن میں پلتے رہنے دینا کوئی اچھی عادت نہیں۔

خوف کو شکست دینے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے یہ دیکھا جائے کہ خوف کس چیز یا صورتحال سے محسوس ہو رہا ہے۔ اگر خوف کی وجہ معلوم ہو تو کوشش کی جانی چاہیے کہ اس صورتحال یا چیز کا آہستہ آہستہ سامنا کیا جائے تو یہ عمل ڈر سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

دوسرا اہم قدم تیاری ہے۔ اکثر خوف لاعلمی اور عدمِ تیاری سے پیدا ہوتا ہے۔ اگر طالب علم امتحان کی مناسب تیاری کرے تو اس کا خوف کم ہو جاتا ہے۔ اگر مقرر اپنی تقریر کی بار بار مشق کرے تو لوگوں کے سامنے بولنے کا خوف کم ہونے لگتا ہے۔ اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ تیاری اعتماد پیدا کرتی ہے اور اعتماد خوف کو کم کرتا ہے۔

تیسرا طریقہ یہ ہے کہ بڑے کاموں کو چھوٹے کاموں میں تقسیم کیا جائے۔ اگر ایک شخص بہت سے کاموں کو ایک ساتھ کرنا شروع کر دے گا تو وہ گھبرا سکتا ہے، لیکن ایک ٹائم فریم مقرر کرنے سے کام جلد اور آسانی سے سرانجام دئیے جا سکتے ہیں۔

خوف کو شکست دینے کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ ناکامی کو زندگی کا اختتام نہ سمجھا جائے۔ دنیا میں کوئی بھی شخص ہر کام میں پہلی کوشش میں کامیاب نہیں ہوتا۔ ناکامی دراصل انسان کو اپنی غلطیوں سے سیکھنے کا موقع دیتی ہے۔

خوف پر قابو پانے میں مثبت سوچ کا بہت اہم کردار ہے۔ اگر انسان ہر وقت یہ سوچتا رہے کہ ’میں نہیں کر سکتا‘، ’میں ناکام ہو جاؤں گا‘ یا ’لوگ میرا مذاق اڑائیں گے‘، تو اس کا حوصلہ کم ہوتا جائے گا۔ اس کے برعکس اگر وہ سوچے کہ ’میں کوشش کر سکتا ہوں‘، ’میں اپنی غلطیوں سے سیکھوں گا‘ اور ’میں اپنی صلاحیت بہتر بنا سکتا ہوں‘، تو اس کے اندر اعتماد پیدا ہوگا۔

مثبت سوچ کا مطلب یہ نہیں کہ انسان مشکلات کو نظر انداز کرے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مشکلات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ پیدا کیا جائے۔

بہادری یہ نہیں کہ انسان کسی بھی چیز سے خوفزدہ نہ ہو بلکہ بہادری یہ ہے کہ انسان خوف ہونے کے باوجود بااعتماد ہو، مشکلات کا سامنا کرے اور مصیبتوں میں صبر و شکر سے زندگی بسر کرے۔ یہی کامیاب لوگوں کی پہچان ہے۔ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ اور توکل بھی خوف سے نجات دلانے ایک اہم ذریعہ ہے۔ بطور مسلمان ہمیں اس بات کا پورا یقین ہونا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ہی ہمارا مددگار اور رہنما ہے اور وہی ہمیں خوف سے نجات دلا سکتا ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے