لیجنڈری اداکار کے مطابق اب ان کی عمر 84 برس ہوچکی ہے لیکن ان کی وہ خواہش آج بھی پوری نہیں ہوئی
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنی زندگی کی ایک ایسی خواہش کا ذکر کیا ہے جو آج تک پوری نہیں ہوسکی۔ اداکار کا کہنا ہے کہ انہیں ہمیشہ موسیقی سیکھنے کا شوق رہا، مگر وہ کبھی اسے باقاعدہ سیکھ نہیں سکے۔
’کون بنے گا کروڑ پتی‘ سیزن 18 کی آنے والی قسط میں ایک گفتگو کے دوران کانٹینٹ کری ایٹر کریتاگیا نے امیتابھ بچن سے ’دِس اور دیٹ‘ طرز کا سوال جواب کا کھیل کھیلا۔ جب ان سے ماضی کا کوئی دن دوبارہ جینے یا زندگی کا کوئی نیا دن تجربہ کرنے کے انتخاب کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ زندگی میں اتنے یادگار واقعات گزرے ہیں کہ کسی ایک دن کا انتخاب کرنا آسان نہیں۔
بات آگے بڑھی تو امیتابھ بچن نے موسیقی سیکھنے کی اپنی دیرینہ خواہش کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ گلوکاری کرنے یا ستار جیسے ساز بجانے والے لوگوں کو بہت سراہتے ہیں اور اکثر سوچتے ہیں کہ لوگ اتنی خوبصورتی سے گانا یا ساز بجانا کیسے سیکھ لیتے ہیں۔
امیتابھ نے بتایا کہ انہوں نے گھر میں موسیقی کے مختلف آلات بھی سنبھال کر رکھے ہوئے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ کسی دن انہیں بجانا سیکھ لیں گے۔ دلچسپ انداز میں انہوں نے کہا کہ وہ ان آلات کو ہار بھی پہناتے ہیں اور اس دن کا انتظار کرتے ہیں جب وہ واقعی موسیقی سیکھنا شروع کریں گے۔
اداکار کے مطابق اب ان کی عمر 84 برس ہوچکی ہے لیکن موسیقی سیکھنے کی خواہش آج بھی پوری نہیں ہوئی، جس کا انہیں افسوس رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ لوگوں کو بہت خوبصورت گاتے یا ساز بجاتے سنتے ہیں تو انہیں احساس ہوتا ہے کہ وہ خود یہ ہنر نہیں سیکھ سکے۔
