قومی کپتان صاحبزادہ فرحان نے اپنے بلند عزائم کا اظہار کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل جیتنے کی امید ظاہر کی ہے
ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان وائٹ بال کرکٹ اسکواڈ کراچی سے براستہ دبئی منزل کی طرف روانہ ہو گیا۔ قومی کپتان صاحبزادہ فرحان نے اپنے بلند عزائم کا اظہار کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل جیتنے کی امید ظاہر کی ہے۔
جاپان روانگی سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں جاری 4 روزہ تربیتی کیمپ جمعرات کو مکمل ہوا۔ کیمپ کے آخری روز کیریبین لیگ میں مصروف 5 اہم کھلاڑیوں عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم نے اسکواڈ کو جوائن کیا۔
یہ تمام کھلاڑی بارباڈوس سے بذریعہ لندن بدھ کے روز کراچی پہنچے تھے۔فاسٹ بولر محمد سلمان مرزا بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے ایشین گیمز اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ خصوصی اجازت ملنے کے بعد محمد وسیم جونیئر کو 15 رکنی قومی اسکواڈ میں شامل کیاگیا ہے۔
صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان (وکٹ کیپر) پر مشتمل ہے۔
6 رکنی سپورٹ اسٹاف میں مائیک ہیسن (ہیڈ کوچ)، ایشلے نوفکے (بولنگ کوچ)، شین میکڈرماٹ (فیلڈنگ کوچ)، محمد طاہر (فزیو تھراپسٹ)، عمران اللہ (ٹرینر) اور عثمان ہاشمی (اینالسٹ) شامل ہیں۔
ایشین گیمز 2026 میں مینز کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز جمعہ سے ہو رہا ہے۔ ابتدائی راؤنڈ میں 6 ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوں گے، جن میں سے 4 ٹیمیں کوارٹر فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ 28 ستمبر کو پہلے کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ حریف ٹیم سے ہوگا جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپیئن اور ٹاپ سیڈ بھارت ان ایکشن ہوگی۔
29 ستمبر کو تیسرے کوارٹر فائنل میں سری لنکا اور چوتھے کوارٹر فائنل میں بنگلا دیش کے مقابلے طے ہیں۔یکم اکتوبر کو دونوں سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے جبکہ گولڈ میڈل کا حتمی معرکہ 3 اکتوبر کو ہوگا۔
