سشانت کو پھانسی دینے سے پہلے مبینہ طور پر دو سے تین مرتبہ گلا دبایا گیا تھا، پوسٹ مارٹم کرنے والے کا انکشاف
بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کا معاملہ ایک بار پھر زیرِ بحث آگیا ہے، جب ان کے پوسٹ مارٹم میں شامل رہنے والے روپ کمار شاہ نے اداکار کی موت کے حوالے سے کئی سنگین دعوے کیے۔
پوسٹ مارٹم ٹیم میں شامل رکن نے انکشاف کیا ہے کہ سشانت کو پھانسی دینے سے پہلے مبینہ طور پر دو سے تین مرتبہ گلا دبایا گیا تھا۔
روپ کمار شاہ کے مطابق سشانت کی گردن پر گلا گھونٹنے کے واضح نشانات موجود نہیں تھے، تاہم ان کی آنکھوں پر پائے جانے والے زخم انہیں اس معاملے کو محض خودکشی قرار دینے پر مطمئن نہیں کرتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اداکار کی گردن کے بائیں حصے پر کسی آلے سے تین سے چار مرتبہ زخم پہنچایا گیا تھا، جن کی گہرائی تقریباً دو سے تین ملی میٹر تھی۔
پوسٹ مارٹم ٹیم کے رکن نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ سشانت کا پوسٹ مارٹم رات ہی میں مکمل کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا گیا۔ ان کے مطابق سابق ممبئی پولیس افسر سچن وازے نے انہیں اگلی صبح کارروائی کرنے کے بجائے اسی رات پوسٹ مارٹم مکمل کرنے پر مجبور کیا۔
روپ کمار شاہ نے اپنی جانب سے مبینہ طور پر پیش آنے والے حالات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کے بعد انہیں تقریباً 15 روز تک حراست میں رکھا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کے بقول انہیں ٹائر کے اندر ڈال کر بھی مارا جاتا تھا، جبکہ ماسک پہنے ہوئے متعدد افراد ان کے پاس آتے اور انہیں دھمکیاں دیتے تھے۔
انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کی سابق منیجر دیشا سالیان کی موت کے بارے میں بھی سنگین دعوے کیے۔ روپ کمار شاہ کے مطابق دیشا کے پوسٹ مارٹم میں شامل ان کے ایک ساتھی نے انہیں بتایا تھا کہ جسم پر متعدد زخم اور نشانات موجود تھے، جبکہ ہونٹوں، کانوں اور سینے پر بھی کٹ کے آثار پائے گئے تھے۔
روپ کمار شاہ نے مزید دعویٰ کیا کہ دیشا سالیان کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور مبینہ واقعے میں پانچ سے چھ افراد ملوث تھے۔ تاہم ان دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور انہیں ثابت شدہ حقائق کے طور پر نہیں دیکھا جاسکتا۔
سشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے۔ اس وقت ان کی عمر 34 برس تھی۔ اس سے چند روز قبل، 8 جون 2020 کو ان کی سابق منیجر دیشا سالیان ممبئی کے علاقے مالاد میں ایک عمارت کی 14ویں منزل سے گرنے کے بعد ہلاک ہوئی تھیں۔
دیشا سالیان کے والد ستیش سالیان پہلے ہی دونوں اموات کے درمیان تعلق کا شبہ ظاہر کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ سشانت اور دیشا کی اموات کے درمیان کسی نہ کسی نوعیت کا تعلق موجود ہے۔
دیشا کے والد نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق سی بی آئی کی مبینہ کلوزر رپورٹ پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یوں سشانت اور دیشا کی اموات سے متعلق مختلف دعوے اور سوالات ایک مرتبہ پھر منظرعام پر آگئے ہیں، تاہم ان میں سے کئی دعووں کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
