صدارتی دفتر کے مطابق طیارے میں 25 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے اور حادثے میں کوئی شخص زندہ نہیں بچا
نائجیریا کی جنوب مغربی ریاست اوندو میں فضائیہ کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 32 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نائجیریا کے صدر بولا ٹینوبو نے حادثے پر گہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
نائجیرین فضائیہ کے مطابق طیارہ ایک معمول کے مشن پر جنوبی نائجیریا کے شہر بینن سٹی سے معاشی مرکز لاگوس کی جانب جارہا تھا۔ طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 9 بجے اوندو ریاست کے علاقے اِگبوکوڈا میں حادثے کا شکار ہوا۔
صدارتی دفتر کے مطابق طیارے میں 25 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے اور حادثے میں کوئی شخص زندہ نہیں بچا۔ نائجیریا کے وزیر ہوا بازی فیسٹس کیامو نے بتایا کہ طیارہ ایک بحری اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔
حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ صدر ٹینوبو نے نائجیرین فضائیہ کو واقعے کی مکمل اور فوری تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
مقامی رہائشی ڈایو اکینٹے نے بتایا کہ حادثے کے وقت انہوں نے ایک زور دار آواز سنی جسے ابتدا میں انہوں نے گرج چمک سمجھا۔ ان کے مطابق ایک مقامی ماہی گیر نے طیارے کے حادثے کی اطلاع قریبی بحری اڈے اور علاقے کے لوگوں کو دی۔ اِگبوکوڈا اوندو ریاست کے ضلع اِلاجے میں واقع ہے جو نائجیریا کا تیل پیدا کرنے والا علاقہ بھی ہے۔
