والدین بچوں کے اکاؤنٹس سے متعلق ڈیٹا کی بعض ترجیحات کو بھی کنٹرول کرسکیں گے
واٹس ایپ نے کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے والدین کو مزید کنٹرول فراہم کرنے والے نئے ٹولز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد بچوں کے لیے ان کی عمر کے مطابق زیادہ محفوظ اور مناسب واٹس ایپ تجربہ فراہم کرنا ہے۔
نئے ٹولز کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے اکاؤنٹس سے متعلق بعض سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے اضافی آپشنز استعمال کرسکیں گے۔ مثال کے طور پر اگر بچہ کسی واٹس ایپ گروپ میں شامل ہوتا ہے یا کسی گروپ سے نکلتا ہے تو والدین کو اس حوالے سے نوٹیفکیشن موصول ہوگا۔
والدین بچوں کے اکاؤنٹس سے متعلق ڈیٹا کی بعض ترجیحات کو بھی کنٹرول کرسکیں گے۔ تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ان نئے حفاظتی اقدامات کا مطلب بچوں کی نجی گفتگو تک والدین کی رسائی نہیں ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق والدین کو اپنے بچوں کی جانب سے بھیجے یا موصول کیے جانے والے پیغامات پڑھنے کی سہولت نہیں دی جائے گی۔ بچوں کی چیٹس اور کالز بدستور نجی رہیں گی اور انہیں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔
کمپنی کے مطابق والدین کچھ خودکار سیٹنگز کو بھی کنٹرول کرسکیں گے۔ پن کوڈ کے ذریعے یہ یقینی بنانے کا آپشن بھی ہوگا کہ بچے والدین کی مقرر کردہ سیٹنگز کو خود تبدیل نہ کرسکیں۔
والدین یہ فیصلہ بھی کرسکیں گے کہ ان کے بچے واٹس ایپ کے چینلز استعمال کرسکتے ہیں یا نہیں۔ اس کے علاوہ میٹا اے آئی میں بچوں کے لیے دستیاب سیٹنگز کو بھی والدین اپنی ترجیحات کے مطابق ترتیب دے سکیں گے۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ بچوں کے تحفظ سے متعلق یہ تبدیلیاں ایسے وقت میں سامنے آرہی ہیں جب دنیا بھر کی حکومتوں کی جانب سے ٹیکنالوجی کمپنیوں پر کم عمر صارفین کے لیے زیادہ مؤثر حفاظتی اقدامات کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے پیرنٹل ٹولز آئندہ چند ہفتوں کے دوران دنیا بھر میں صارفین کے لیے دستیاب کیے جائیں گے۔
