ہنگامی سگنل کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے احتیاطی طور پر جنگی طیارے روانہ کیے
دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی ایک مسافر پرواز نے بدھ کو دورانِ پرواز ہنگامی سگنل بھیجا، جس کے بعد کچھ دیر کے لیے طیارے کو ہائی جیک کیے جانے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ پرواز میں تقریباً 180 مسافر سوار تھے اور اسے بعد میں سعودی عرب کے شہر تبوک کے ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق طیارے نے پہلے عمومی ہنگامی صورتحال کی نشاندہی کرنے والا کوڈ 7700 اور اس کے بعد کوڈ 7500 منتقل کیا، جو طیارے میں غیر قانونی مداخلت یا ممکنہ ہائی جیکنگ کی نشاندہی کرتا ہے۔ تاہم اس کوڈ کا فعال ہونا بذاتِ خود ہائی جیکنگ کی تصدیق نہیں کرتا۔
ہنگامی سگنل کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے احتیاطی طور پر جنگی طیارے روانہ کیے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سکیورٹی حکام کے ساتھ ہنگامی مشاورت کی۔
ابتدائی اطلاعات میں طیارے سے رابطہ منقطع ہونے کی بھی رپورٹس سامنے آئیں جس کے باعث خدشات میں اضافہ ہوا۔ تاہم اسرائیلی سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ اس وقت تک ہائی جیکنگ کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
بعد کی اطلاعات کے مطابق طیارہ بحفاظت سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر اتر گیا اور تمام افراد محفوظ رہے۔ اسرائیلی میڈیا اور سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال کی وجہ طیارے کے دونوں پائلٹس کے درمیان مبینہ جھگڑا تھا، نہ کہ ہائی جیکنگ۔
اس واقعے کے بعد طیارے کے عملے سے پوچھ گچھ اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ دورانِ پرواز ہنگامی کوڈ کیوں فعال ہوا اور طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب کیوں موڑا گیا۔
