ان کی موت کی تصدیق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی کی ہے
غزہ سٹی میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حماس کے مسلح ونگ کے شمالی بریگیڈ کے کمانڈر عزالدین البیک شہید ہوگئے ہیں۔
ان کی موت کی تصدیق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی کی ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق عزالدین البیک نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران حماس کی قسام بریگیڈز کے شمالی یونٹ کی کمان سنبھالی تھی۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے یہ ذمہ داری احمد الغندور کے بعد سنبھالی تھی۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی حملہ غزہ سٹی میں ایک اپارٹمنٹ پر کیا گیا، جس میں حماس کے کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی قیادت نے حملے کے بعد ان کی ہلاکت کا اعلان کیا، جبکہ فلسطینی ذرائع نے بھی ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ حالیہ ہفتوں میں بھی اسرائیلی حملوں میں حماس سے وابستہ متعدد افراد کی اموات کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حماس کی عسکری صلاحیتوں کی بحالی کو روکنے کیلئے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
حماس کی جانب سے عزالدین البیک کی موت پر اس وقت تک کوئی تفصیلی باضابطہ بیان سامنے آنے کی اطلاع نہیں دی گئی، تاہم فلسطینی ذرائع نے انہیں شمالی غزہ میں قسام بریگیڈز کا اہم کمانڈر قرار دیا ہے۔
