جنسی عنصر کے بغیر شکایت ہراسگی ایکٹ کے تحت وفاقی محتسب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی
وفاقی آئینی عدالت نے کہا ہے کہ ہراسگی قانون کے تحت کارروائی کیلئے جنسی نوعیت کا عنصر ضروری ہے، ہر نامناسب یا ناپسندیدہ رویہ جنسی ہراسگی کے زمرے میں نہیں آتا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ جنسی عنصر کے بغیر شکایت ہراسگی ایکٹ کے تحت وفاقی محتسب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، ادارہ نامناسب رویے پر اپنے سروس رولز کے تحت تادیبی کارروائی کر سکتا ہے، ہراسگی قانون کا مقصد خواتین اور مردوں کو کام کی جگہ پر جنسی ہراسگی سے تحفظ دینا ہے۔
عدالت کے مطابق ہراسگی ایکٹ کا اطلاق عمومی نوعیت کی ہر شکایت پر نہیں کیا جا سکتا، صدرِ مملکت وفاقی محتسب کے فیصلے کیخلاف نمائندگی سننے کے مجاز ہیں، ہائی کورٹ محتسب کے فیصلے میں محدود آئینی بنیادوں پر ہی مداخلت کر سکتی ہے۔
وفاقی محتسب نے دو بینک افسران کو ملازمت سے برطرف کرنے کی سزا سنائی تھی، صدرِ مملکت نے برطرفی کی سزا تبدیل کرکے سرزنش کی سزا دی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے صدر کا حکم کالعدم کرکے وفاقی محتسب کا فیصلہ بحال کیا تھا، وفاقی آئینی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا 31 دسمبر 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ وفاقی آئینی عدالت نے صدرِ مملکت کا حکم بحال کر دیا، اپیلوں کی سماعت چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
اٹھارہ صفحات پر مبنی تفصیلی فیصلہ جسٹس علی باقر نجفی نے تحریر کیا۔
