میرے علم میں نہیں کہ اس وقت بیک چینل پر کوئی کام کر رہا ہے یا نہیں، پی ٹی آئی رہنما
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ علیمہ خان کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے، اس کے ذریعے عوام کو اعلان کرکے بتایا جا رہا ہے کہ تمہاری کوئی حیثیت نہیں، صرف کسی اندیشے کی بنیاد پر کسی کے بنیادی حقوق چھین لینا کہاں کا انصاف ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سفاکیت کی تمام حدیں عبور کر دی گئی ہیں، علیمہ خان کی نظر بندی کو 9 روز گزر چکے ہیں، ہم عدالتوں سے استدعا کرتے ہیں کہ انصاف کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خاندان نے مثال قائم کی ہے، بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی اور علامہ راجا ناصر کو مذاکرات کا اختیار دیا ہے، تاہم میرے علم میں نہیں کہ اس وقت بیک چینل پر کوئی کام کر رہا ہے یا نہیں۔
دوسری جانب، لاہور ہائیکورٹ میں علیمہ خان کو جیل میں ادویات، کپڑوں کی فراہمی اور اہلخانہ و وکلا تک رسائی کے لیے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس عبہر گل نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈی سی لاہور نے علیمہ خان کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور انہیں جیل میں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت علیمہ خان کو جیل میں ادویات اور کپڑوں کی فراہمی یقینی بنانے اور اہلخانہ و وکلا تک رسائی کی اجازت دینے کا حکم دے۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے آج دوپہر 2 بجے رپورٹ طلب کرلی۔
