مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف درج ہے
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمے کا فیصلہ 28 ستمبر کو سنانے کا اعلان کردیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ یہ مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف درج ہے۔
سماعت کے دوران مقدمے میں نامزد ایک ملزم نے آج ہی فیصلہ سنانے پر اصرار کیا۔ ملزم نے کہا کہ مجھے یقین ہے فیصلہ انصاف پر مبنی ہوگا اور مجھے عدالت پر اعتماد ہے، اسی وجہ سے پیش ہورہا ہوں۔ ملزم نے عدالت سے کہا کہ آج ہی فیصلہ سنادے تاکہ روز کا جھنجٹ ختم ہو۔
جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ سوموار کو تمام بقیہ ملزمان کے 342 کے بیانات جمع کروائے جائیں۔
سماعت کے دوران جج طاہر عباس سپرا نے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ کچھ ملزمان عدالت میں پیش کیوں نہیں ہورہے؟ جس پر وکیل مرتضیٰ طوری نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں میں چھاپے پڑ رہے ہیں۔ پولیس اور سول کپڑوں میں لوگ آتے ہیں اور پہلے کیمرے توڑتے ہیں۔ ملزمان اب ڈر کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہورہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کردی۔
