• ستمبر 24, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 24, 2026 2:08 شام
  • پاکستان

نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر کی تعلیم کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورۂ امریکا کے دوران وہاں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات، پروفیشنلز اور نوجوانوں کے مختلف وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، زراعت، صنعت، برآمدات اور نوجوانوں کی ترقی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے امریکا میں مقیم انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، آٹو موبائل، توانائی، تعمیرات اور دیگر شعبوں سے وابستہ کاروباری شخصیات و پروفیشنلز کے وفود کو خوش آمدید کہا اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز پاکستان کے سفیر ہیں جو دنیا بھر میں اپنے مثبت کردار سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ حکومت ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعظم کے مطابق ایف بی آر میں اصلاحات کے ذریعے کاروباری برادری کے مسائل حل کیے گئے ہیں، جبکہ ملکی زرعی شعبے کی ترقی اور جدت کیلئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کاروباری شخصیات کے وفود نے وزیراعظم کی قیادت میں زراعت، صنعت، برآمدات اور بالخصوص ایف بی آر میں اصلاحات کو سراہا۔

بعد ازاں وزیراعظم سے امریکا میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے وفد نے بھی ملاقات کی، جس میں شعبہ صحت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، سماجی کاروبار، یوتھ این جی اوز اور مختلف شعبوں سے وابستہ پروفیشنلز شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے پاکستانی نوجوانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مختلف شعبوں میں بہتری کیلئے تجاویز دینے اور پاکستان کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان ان سمیت پوری قوم کا فخر ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہیں پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر کی تعلیم کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بطور خادم پنجاب باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور وظائف جبکہ معاشی طور پر کمزور طلبہ و طالبات کو دانش اسکولز کے ذریعے معیاری تعلیم کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جو بطور خادم پاکستان بھی جاری ہے۔ معاشی طور پر کمزور بچوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم کی فراہمی کے ساتھ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے نوجوانوں کی ترقی کے حوالے سے ان کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

ملاقات میں نوجوانوں نے وزیراعظم کے نوجوانوں کی ترقی، بالخصوص آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات کو سراہا۔

ملاقاتوں میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان احمد شیخ، وزیراعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا، مینیجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے