غزہ میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے، او آئی سی اسرائیل کے خلاف فعال کردار ادا کرے، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسرائیلی آبادکاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی ریاست کے امکانات کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کی کمیٹی برائے فلسطین سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے غزہ اور مغربی کنارے کی سنگین صورتحال پر فوری توجہ مرکوز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ سفارتی کوششوں سے سیاسی پیش رفت کی امید پیدا ہوئی ہے مگر سکیورٹی کی غیر مستحکم صورتحال اور انسانی بحران بدستور تشویشناک ہے۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تنازع کے حل کے لیے ثالثی کرنے والے ممالک کی کوششوں کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے زور دیا کہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیلی الحاق کی پالیسیاں اور غیر قانونی آباد کاری مستقبل کی فلسطینی ریاست کی جغرافیائی سالمیت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی دراندازی کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور مقدس مقامات کی تاریخی حیثیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کو اب نئے اور مربوط سفارتی لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ صرف ایک پائیدار اور قابلِ اعتماد سیاسی عمل کے ذریعے ہی آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ممکن ہے، جس کے لیے تنظیم کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
