یو زیڈی صرف 12 برس کی عمر میں سنگاپور میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میں تاریخ کی کم عمر ترین میڈلسٹ بن چکی ہیں
چین کی 13 سالہ تیراک یو زیڈی نے ایشین گیمز میں شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے خواتین کے 200 میٹر بٹر فلائی مقابلے میں سونے کا تمغہ جیت لیا اور ساتھ ہی گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔
ٹوکیو ایکواٹکس سینٹر میں یو زیڈی نے مقررہ فاصلہ 2 منٹ 05.08 سیکنڈز میں طے کیا۔
انہوں نے 2023 کے ایشین گیمز میں چین کی اولمپک چیمپئن ژانگ یوفی کا قائم کردہ 2 منٹ 05.57 سیکنڈز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
یو زیڈی نے اپنی ہم وطن چانگ موہان کو تین سیکنڈ سے زائد کے فرق سے پیچھے چھوڑا جبکہ جاپان کی میسا اوکوزونو نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
یو زیڈی اگلے ماہ 14 برس کی ہوں گی۔ وہ گزشتہ سال صرف 12 برس کی عمر میں سنگاپور میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میں تاریخ کی کم عمر ترین میڈلسٹ بن چکی ہیں جہاں انہوں نے چین کی کانسی کا تمغہ جیتنے والی ریلے ٹیم کا حصہ بن کر کامیابی حاصل کی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایشین گیمز میں اپنی پہلی انفرادی کامیابی کے باوجود یو اپنی کارکردگی کو ’اوسط‘ قرار دیتی ہیں اور مزید تیز تیراکی کی خواہش رکھتی ہیں۔
وہ گیمز میں مزید دو انفرادی مقابلوں میں بھی حصہ لیں گی۔
