شہداء کا جسدِ خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا جہاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا
ہنگو میں خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 6 شہداء کی نمازِ جنازہ پشاور میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کُنڈی، کور کمانڈر پشاور، شُہدا کے لواحقین اور سینیئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ہنگو میں آج خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے 6 شہداء میں کیپٹن ابوذر فاروق شہید، لیفٹیننٹ شیراز بابر شہید، سپاہی شکیل احمد شہید، سپاہی حمزہ شہید، سپاہی محمد عثمان عزیز شہید اور نان کمبیٹنٹ غلام سجاد شامل ہیں۔
شہداء کا جسدِ خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا جہاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
دفاع وطن کے لیے شہداء کی لازوال قربانیاں سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ پاک فوج کے دو افسران سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔
