• ستمبر 17, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 17, 2026 6:04 شام
  • پاکستان

پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک گرافک گردش کر رہا ہے جس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے منسوب کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ لوگ اس کے بجائے بجلی استعمال کریں۔

دعویٰ

6 ستمبر کو ایک گرافک ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر سامنے آیا، جس میں مبینہ طور پر لغاری کے حوالے سے کہا گیا: ’’گیس مہنگی کر دینی چاہیے تاکہ عوام گیس کے بجائے بجلی استعمال کریں۔‘‘

یہی گرافک یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کیا گیا۔

حقیقت

وفاقی وزیر نے ان سے منسوب بیان کی تردید کی ہے، اور اس بات کا کوئی دستاویزی ثبوت موجود نہیں کہ انہوں نے ایسا بیان دیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے جیو فیکٹ چیک کو ٹیلی فون پر بتایا کہ آن لائن گردش کرنے والے دعوے ’’جعلی‘‘ ہیں۔ وزارتِ توانائی کے ترجمان ظفر یاب خان نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں اس گرافک کو ’’جعلی‘‘ قرار دیا۔

مزید برآں، یکم اگست سے 14 ستمبر تک اویس لغاری کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کا جائزہ لینے پر ایسے کسی بیان کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

جیو فیکٹ چیک نے 31 اگست کو اویس لغاری کی پریس کانفرنس اور 2 ستمبر کو جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپیٹل ٹاک‘‘ میں ان کی شرکت کا بھی جائزہ لیا۔ دونوں مواقع پر انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

پاکستان کے کسی معتبر خبر رساں ادارے نے بھی اویس احمد خان لغاری کی جانب سے ایسے کسی بیان کی اطلاع نہیں دی۔

فیصلہ: اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ اویس احمد خان لغاری نے عوام کو گیس کے بجائے بجلی استعمال کرنے کی ترغیب دینے کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔

ماخذ: Geo News Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے