انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے الفاظ پر معذرت کی ہے۔
معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق نامناسب مذاق پر شدید عوامی تنقید کے بعد معافی مانگتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان کے الفاظ غلط اور ناقابلِ قبول تھے۔
چند روز قبل رجب بٹ کی زید علی ٹی کے ساتھ ٹک ٹاک لائیو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے زید علی کے تاثرات پر تبصرہ کرتے ہوئے بچوں کے جنسی استحصال جیسے حساس موضوع کو مذاق کے طور پر استعمال کیا تھا۔ اس پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اب رجب بٹ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں انہوں نے جو بات کہی وہ انتہائی نامناسب اور حد سے گری ہوئی تھی اور ایسا مذاق کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
رجب بٹ نے کہا کہ اس قسم کے مذاق بدقسمتی سے معاشرے، خصوصاً لڑکوں کی محفلوں میں معمول بن چکے ہیں، لیکن اس سے وہ درست یا قابلِ قبول نہیں ہو جاتے۔ ملک میں اس مسئلے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انہیں زیادہ حساس ہونا چاہیے تھا۔
View this post on Instagram
یوٹیوبر نے ان تمام افراد سے بھی معافی مانگی جن کے جذبات ان کے الفاظ سے مجروح ہوئے یا جن کے ماضی کے صدمات دوبارہ تازہ ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ وائرل ہونے والی ویڈیو پرانی ہے لیکن اس کا پرانا ہونا ان کے الفاظ کا جواز نہیں بن سکتا۔
رجب بٹ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھنے اور مستقبل میں اپنے الفاظ اور ان کے اثرات کے حوالے سے زیادہ ذمہ دار اور محتاط ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
