مبینہ طور پر پہلے ایک دوست پٹڑی میں پھنسا جسے بچانے کی کوشش میں دونوں ٹرین کے نیچے آگئے
امریکی شہر نیویارک میں بھارتی نژاد 24 سالہ لڑکی اور ان کے نیپالی نژاد امریکی دوست سب وے ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی صبح مین ہٹن کے اسپرنگ اسٹریٹ سب وے اسٹیشن پر پیش آیا جہاں ڈاؤن ٹاؤن جانے والی نمبر 4 ٹرین دونوں کو کچلتے ہوئے گزر گئی۔
ہلاک جوڑے کی شناخت ملائیکا چترا اور نوام کول کے نام سے ہوئی دونوں کی عمریں 24 سال تھیں اور ان کا تعلق نیو جرسی سے تھا۔ دونوں نے رٹگرز یونیورسٹی میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کی منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں ملائیکا کو ہنستے ہوئے نوام کو اپنی جانب کھینچتے دیکھا جاسکتا ہے جس کے چند لمحوں بعد تیز رفتار ٹرین دونوں کو روندتی ہوئی گزر جاتی ہے۔
View this post on Instagram
تاہم پولیس کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پٹری پر پہلے کون گرا۔ ایک رپورٹ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر نوام پہلے پٹری پر گرے یا خود وہاں چلے گئے جس کے بعد ملائیکا انہیں بچانے کے لیے نیچے اتر گئیں۔
پولیس کو حادثے کی اطلاع اتوار کی صبح 3 بج کر 14 منٹ پر ملی۔ ٹرین بروقت رکنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ حادثے کے وقت ٹرین میں تقریباً 100 مسافر موجود تھے جنہیں بعد ازاں پلیٹ فارم پر منتقل کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کی لاشیں ٹرین کی تیسری اور چوتھی بوگی کے نیچے سے برآمد کی گئیں۔
ملائیکا نے مئی 2024 میں رٹگرز یونیورسٹی سے سائنس میں بیچلر ڈگری مکمل کی تھی اور ایک فارماسیوٹیکل کمپنی میں آپریشنز اسپیشلسٹ کے طور پر کام کر رہی تھیں، جبکہ نوام کول مالیاتی ڈیٹا اینالسٹ تھے۔
رٹگرز یونیورسٹی کی عہدیدار ڈوری ڈیولن نے دونوں سابق طلبہ کی المناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اس خبر پر غمزدہ ہے۔
