حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے مزید 41 جلی ہوئی لاشیں برآمد کی ہیں
منیلا: فلپائن میں مسافر فیری ایم وی جون ایسٹر میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 76 ہوگئی ہے، جبکہ 13 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے مزید 41 جلی ہوئی لاشیں برآمد کی ہیں۔
فیری 9 ستمبر کو منیلا سے پالاون کے سیاحتی شہر کورون جارہی تھی اور اس میں 130 سے زائد افراد سوار تھے۔ منزل کے قریب پہنچنے سے کچھ دیر پہلے جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو انتہائی تیزی سے پھیل گئی۔ 43 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آگ بجھانے کے بعد امدادی کارکن پہلی مرتبہ فیری کے اندر داخل ہوسکے، جہاں اکانومی رہائشی حصے سے جلی ہوئی لاشیں ملیں۔ شدید گرمی اور دھویں کے باعث اس حصے تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔
فلپائن کوسٹ گارڈ کے مطابق متاثرین کی شناخت کے لیے فرانزک ٹیمیں کام کررہی ہیں اور ذاتی اشیا کے ساتھ ڈی این اے کے ذریعے بھی شناخت کا عمل جاری ہے۔ متاثرہ خاندان اپنے لاپتا عزیزوں کی معلومات کے لیے بندرگاہ پر موجود ہیں۔
حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم زندہ بچ جانے والے افراد کے بیانات کے مطابق آگ لگنے سے پہلے فیری کے اندر دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کردی ہیں۔
