سینڈرز نے امریکا کی مشہور اپالاچین ٹریل مکمل کرلی اور سب سے معمر شخص کے طور پر یہ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرلیا
91 سالہ ڈیل ’گرے بیئرڈ‘ سینڈرز نے ایک بار پھر دنیا کو حیران کرتے ہوئے امریکا کی مشہور اپالاچین ٹریل مکمل کرلی اور سب سے معمر شخص کے طور پر یہ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرلیا۔
جارجیا کے اسپرنگر ماؤنٹین سے مین ریاست کے ماؤنٹ کٹاڈن تک پھیلا یہ تقریباً 2 ہزار 193 میل طویل راستہ سینڈرز نے مختلف وقفوں کے ساتھ مکمل کیا۔ سفر کے دوران وہ مجموعی طور پر 71 مرتبہ گرے، جن میں 6 حادثات خاصے شدید تھے۔ ایک بار انہیں اسپتال بھی لے جانا پڑا، جبکہ آخری منزل سے صرف 200 گز پہلے بھی وہ گر گئے تھے۔
سینڈرز نے 2017 میں 82 سال کی عمر میں پہلی بار یہ ریکارڈ قائم کیا تھا، تاہم بعد میں ان کے 83 سالہ دوست ایم جے ایبرہارٹ نے یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔ سینڈرز نے چند ماہ بعد ہی ریکارڈ واپس لینے کا عزم کرلیا تھا۔
اس سفر کے دوران ان کی صحت نے بھی کئی بار امتحان لیا۔ ایک مرتبہ پہاڑ سے اترتے ہوئے چٹانوں کے درمیان گرنے سے ہاتھوں اور ٹانگوں پر چوٹیں آئیں، جبکہ بعد میں بازو سن ہونے پر اسپتال جانا پڑا۔ ڈاکٹروں نے فالج کا خدشہ ظاہر کیا، مگر بعد میں معلوم ہوا کہ مسئلہ اعصابی دباؤ کا تھا۔
سینڈرز کے مطابق اس مہم کا مقصد اب صرف ریکارڈ حاصل کرنا نہیں رہا بلکہ وہ دوسرے لوگوں کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ عمر کسی خواب کی راہ میں لازمی رکاوٹ نہیں۔ ان کی مہم کو سوشل میڈیا پر بھی ہزاروں افراد فالو کررہے ہیں۔
مائن کی بلند ترین چوٹی پر پہنچ کر سینڈرز نے کچھ دیر رک کر دعا کی اور اپنی کامیابی پر خدا، اپنی سپورٹ ٹیم اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سفر میں ان کا ساتھ دیا۔
