سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک نوٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 7080507-051 نمبر سے آنے والی کال کا جواب دینے سے جعلساز JazzCash، Easypaisa اور دیگر موبائل اکاؤنٹس سے رقم چوری کر سکتے ہیں۔
یہ دستاویز جعلی ہے اور اسے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جاری نہیں کیا۔
3 ستمبر کو صارف نے ایکس، جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر ایک نوٹس شیئر کیا، جس میں مبینہ طور پر پی ٹی اے کی جانب سے لوگوں کو 7080507-051 سے آنے والی کالز کا جواب نہ دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
صارف نے لکھا: "سائبر فراڈ الرٹ! اگر آپ کو 7080507-051 سے کال آئے تو اسے ہرگز نہ اٹھائیں۔ یہ نوسرباز صرف چند سیکنڈز میں آپ کے جاز کیش، ایزی پیسہ یا دیگر موبائل اکاؤنٹس سے رقم غائب کر سکتے ہیں، احتیاط کریں اور یہ معلومات دوسروں تک پہنچائیں!"
اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک پوسٹ کو 4 ہزار260 مرتبہ دیکھا، 95 دفعہ لائک اور 74 مرتبہ ری پوسٹ کیا گیا۔
اسی طرح کی پوسٹس فیس بک، یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر بھی سامنے آئی ہیں۔
پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن کے نگران ادارے پی ٹی اے نے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔
پی ٹی اے کے انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ گورنمنٹ افیئرز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل احمد شمیم نے جیو فیکٹ چیک سےٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اتھارٹی نے ایسا کوئی ایڈوائزری نوٹس جاری نہیں کیا۔
اس کے علاوہ، اتھارٹی نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر زیرِ گردش نوٹس کی وضاحت کرتے ہوئے اسے ’’جعلی اور گمراہ کن‘‘ قرار دیا اور واضح کیا کہ ایسا کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔
لہٰذا، دستاویز کی فارمیٹنگ اور زبان بھی پی ٹی اے کی کسی سرکاری اطلاع سے مطابقت نہیں رکھتی۔
پی ٹی اے کا بیان یہاں اور یہاں پڑھا جا سکتا ہے۔
فیصلہ: دعویٰ غلط ہے۔ پی ٹی اے نے 7080507-051 سے آنے والی کالز اور موبائل پیمنٹ اکاؤنٹس سے مبینہ رقم چوری سے متعلق وائرل نوٹس جاری نہیں کیا۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔
