فائرنگ کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، پولیس
شہر قائد میں گلبائی ٹول پمپ کے قریب بلوچ پاڑہ میں لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
چھیپا حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد جاں بحق افراد اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد کریم ولد عبدالقَیوم اور محمد عظیم ولد عبدالقَیوم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی شخص کی شناخت جاوید ولد عظیم کے نام سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق مقتولین آپس میں بھائی تھے عظیم تین بچوں کا باپ جبکہ کریم غیر شادی شدہ تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص مقتولین کا رشتہ دار ہے اور تمام افراد لیاری کے زکری پاڑہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کے گھر کے سامنے آصف نامی شخص بھی رہائش پذیر تھا جو پیشے کے اعتبار سے چوکیدار ہے۔ فائرنگ کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔ واقعے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔
