طیارہ جیٹی پر لگا تھا اس دوران گراؤنڈ اسٹاف نے طیارے کے ایک انجن میں آگ کا شبہ ظاہر کیا، ترجمان
پی آئی اے کی کراچی سے جدہ پہنچنے والی پرواز کے طیارے میں دوران پارکنگ انجن نمبر دو میں آگ کی اطلاع ملنے پر مسافروں نے ہنگامی اخراج کیا تاہم پی آئی اے ترجمان نے آگ لگنے کی تردید کردی۔
ذرائع کے مطابق ائیر بیس طیارہ کو جدہ ائیرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر پارکنگ کے دوران مذکورہ واقعہ پیش آیا جہاں انجن میں آگ کی اطلاع پر پائلٹ نے ہنگامی انخلا کا عمل شروع کیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ مسافروں کو ہنگامی اخراج کے راستوں سے سلائیڈز کھول کر بحفاظت باہر نکال لیا گیا تاہم اس دوران چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، مسافروں کو طبی معائنے اور علاج کے لیے جدہ ائیرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا۔
جدہ ائیرپورٹ کے فائر شعبے کے حکام بھی فوری فائربریگیڈ کے ہمراہ طیارے کے پاس پہنچے جہاں پی آئی اے جدہ حکام نے ائیرپورٹ کے تمام حکام اور سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو فوری طور پر مطلع کیا جب کہ جدہ ائیرپورٹ حکام نے پی آئی اے کے عملے سے معاملے کے متعلق پوچھ بھی کی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کی جدہ ائیرپورٹ پر نارمل لینڈنگ ہوئی، طیارہ جیٹی پر لگا تھا اس دوران گراؤنڈ اسٹاف نے طیارے کے ایک انجن میں آگ کا شبہ ظاہر کیا، پائلٹ نے ایس او پی کے تحت مسافروں کو باہر نکالنے کے لیے طیارے کے ایمرجنسی سلائیڈز (شوٹ) کھولے۔
ترجمان نے کہا کہ کچھ مسافر جیٹی کے ذریعے طیارے سے باہر آئے اور باقی مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز (شوٹ ) کے ذریعے طیارے سے باہر نکالا گیا جب کہ کارروائی کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق طیارے کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد آگ کا شبہ غلط ثابت ہوا، متاثرہ طیارے کی جدہ لاہور پرواز 20 سے 22 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی، جدہ لاہور پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا گیا جب کہ باقی مسافر گھر چلے گئے۔
