امیدواروں کو امتحانی مرکز پر مقررہ وقت پر پہنچنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے
شہر قائد میں ایم ڈی کیٹ 2026 کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مبینہ پرچے نے امیدواروں میں تشویش پیدا کردی تاہم سندھ ٹیسٹنگ سروس (ایس ٹی ایس) نے وائرل ہونے والے پرچے کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
ایس ٹی ایس کراچی کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والا ایم ڈی کیٹ 2026 کا پرچہ اصل نہیں امیدوار اس جعلی پرچے اور اس سے متعلق گمراہ کن مواد پر ہرگز اعتماد نہ کریں۔
ایس ٹی ایس نے ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کو جعلی خبروں اور غیر مصدقہ مواد سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحان سے متعلق کسی بھی اطلاع یا مواد پر اعتماد کرنے سے پہلے اس کے مستند ذریعے کی تصدیق کی جائے۔
ترجمان ایس ٹی ایس کے مطابق امیدوار سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے غیر مصدقہ پرچوں اور دیگر مواد کے بجائے ایم ڈی کیٹ 2026 کی تیاری پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔ امیدواروں کو امتحانی مرکز پر مقررہ وقت پر پہنچنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ایس ٹی ایس کا کہنا ہے کہ محنت اور بہتر تیاری ہی کامیابی کی بنیاد ہے اس لیے امیدوار جعلی مواد کے باعث اپنی تیاری متاثر نہ ہونے دیں اور امتحان کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ مقررہ وقت پر امتحانی مرکز پہنچیں۔
