2300 سال سے زائد قدیم ارسطو کا اسکول دریافت
ملازم نے 10 ہزار روپے کم تنخواہ دینے پر فیکٹری کو آگ لگادی
شیرخوار بیٹی کو اوون میں ڈالنے والی ماں کو سزا ہوگئی
نوجوان لڑکوں کو سفاکی سے قتل کرنیوالے سیریل کلر کا بھیانک انجام
روم: اٹلی کے شہر نیپلز کے قریب پولیس کی کارروائی میں 32 لاکھ یورو برآمد ہوئے ہیں، اطالوی پولیس کا کہنا ہے کہ رقم اپارٹمنٹ کی دیواروں، فرش کے نیچے اور فرنیچر میں چھپائی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اطالوی حکام نے پیر کو نیپلز کے ایک اپارٹمنٹ کی دیواروں، فرش اور فرنیچر میں چھپائی گئی 32 لاکھ یورو (36 لاکھ ڈالر) کی رقم برآمد کر لی۔ علی الصبح کی جانے والی کارروائی کے دوران 34 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
برآمد ہونے والی رقم 50 یورو کے نوٹوں کی گڈیوں پر مشتمل تھی، کرنسی نوٹ سیلوفین میں لپٹے ہوئے تھے اور فرش اور دیواروں کی ٹائلوں کے نیچے باقاعدہ قطاروں میں جب کہ الماریوں کے خفیہ درازوں میں چھپائے گئے تھے۔ حکام نے رقم پلاسٹک کی صفائی کے ڈبوں میں منتقل کی اور پھر اسے ایک بکتر بند گاڑی میں رکھا۔
اطالوی پولیس حکام نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس کو 11 قیمتی رولیکس گھڑیاں بھی ملیں، جب کہ اسلحہ اور منشیات کی فروخت سے متعلق سامان بھی برآمد کیا گیا۔
یہ کارروائی کئی ماہ سے جاری ایک خفیہ آپریشن کا حصہ تھی، جس کی قیادت نیپلز کے انسدادِ مافیا پراسیکیوٹر نکولا گراتیری کر رہے تھے۔ گراتیری نے پیر کو بتایا کہ حکام نے جیل میں قید مافیا ارکان کے موبائل فونز کی نگرانی کی تھی، جو ان کے رشتہ داروں کے ذریعے جیل میں اسمگل کیے گئے تھے۔
حکام کے مطابق اس سلسلے میں مخبروں نے تحفظ کے بدلے پراسیکیوٹرز کو شواہد فراہم کیے تھے۔ گراتیری نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے افراد مبینہ طور پر بدنام زمانہ اینجلینو گروہ کا حصہ ہیں، جس نے کائیوانو میں اس حد تک اثر و رسوخ قائم کر لیا تھا کہ گزشتہ سال مقامی حکومت کو عدالتی انتظام کے تحت دے دیا گیا تھا۔
2023 میں اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کی حکومت نے شہری بحالی اور جرائم کی روک تھام کے لیے ’’کائیوانو ماڈل‘‘ کے نام سے ایک منصوبہ متعارف کرایا تھا۔
کابینہ کے سیکریٹری الفریڈو مانتووانو نے ستمبر 2023 میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’’کائیوانو ڈکری‘‘ کا مقصد ایسا طریقۂ کار وضع کرنا ہے جسے فوری طور پر کائیوانو میں اور حالات سازگار ہونے پر ملک کے دیگر پسماندہ علاقوں میں بھی نافذ کیا جا سکے۔
برآمد کی گئی رقم ملک کے ’’جسٹس فنڈ‘‘ میں جمع کرائی جائے گی، جو منظم جرائم کے متاثرین کی مدد کرتا ہے۔
