• ستمبر 22, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 22, 2026 12:01 صبح
  • پاکستان

عراق کے مقدس شہر نجف جانے والی پروازیں بحال ہیں، ایران ایئر

ایران کی سرکاری فضائی کمپنی ایران ایئر نے امریکی پابندیوں کی دھمکی کے باوجود عراق کے شہر نجف کے لیے پروازیں جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق ایران ایئر کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران، مشہد اور اصفہان سے عراق کے شہر نجف جانے والی پروازیں پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق چلتی رہیں گی۔

ایران ایئر کے اعلان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے امریکی دباؤ کے باوجود نجف کے لیے فضائی رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ نجف وہ اہم مذہبی مرکز ہے جہاں ایران سے ہزاروں زائرین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے مزار پر حاضری کے لیے آتے ہیں۔

اس لیے ایران اور عراق کے درمیان فضائی آمدورفت میں اس روٹ کی خاص اہمیت ہے۔

ایئرلائن کا یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایرانی فضائی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ بدھ سے ایرانی ایئرلائنز کو عالمی فضائی سفر سے مؤثر طور پر الگ کرنے کے لیے اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

امریکا نے بیرون ملک ان کمپنیوں اور اداروں کو بھی ثانوی پابندیوں کی دھمکی دی ہے جو ایرانی فضائی کمپنیوں کو ایندھن، لینڈنگ یا دیگر ضروری سہولیات فراہم کرتے ہیں۔

امریکی پابندیوں کے ممکنہ نفاذ کے بعد ایرانی طیاروں کو بیرون ملک ایندھن، ہوائی اڈوں کی سہولیات اور دیگر خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، تاہم ایران ایئر نے فی الحال نجف کی پروازوں میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے