• ستمبر 19, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 19, 2026 1:18 صبح
  • پاکستان

لندن سے بنگلادیش جانے والی پرواز میں مسافر لڑ پڑے، ویڈیو وائرل

شوہر نے میکے سے واپس نہ آنے پر بیوی کی ناک کاٹ دی

’’125 سال سے مسلسل روشن دنیا کا واحد بلب‘‘

اے آئی کو چکما دینے والی شرٹ : حیرت انگیز ایجاد

فلاڈیلفیا : امریکا کے شہر فلاڈیلفیا میں ایک گھر سے ملنے والی لاکھوں ڈیجیٹل تصاویر اور ویڈیوز نے 5 خواتین کے مبینہ قتل اور پراسرار گمشدگی کا معمہ مزید پیچیدہ کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق بعض ویڈیوز اور تصاویر میں 5 خواتین بے ہوش یا بظاہر مردہ حالت میں دکھائی دے رہی ہیں، جس کے بعد ان کی ممکنہ ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اب تک کسی خاتون کی لاش برآمد نہیں ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ معاملہ جون 2026 میں اس وقت سامنے آیا جب اہلکاروں نے 44 سالہ یوجین ہورش کو ایک غیر قانونی طور پر پارک کی گئی گاڑی میں روکا۔

تلاشی کے دوران گاڑی سے منشیات، اسلحہ اور جعلی پولیس بیجز برآمد ہوئے، جبکہ یوجین ہورش کے ساتھ موجود ایک خاتون کے پاس لاپتا خاتون بلیئر ٹونزیلی کا شناختی کارڈ بھی ملا۔

اس پیش رفت کے بعد پولیس نے ویسٹ چیؤ ایونیو کے 400 بلاک میں واقع ایک گھر کی تلاشی لی، جہاں سے مزید اسلحہ، بھنگ کی کاشت سے متعلق سامان، مختلف کیمیکلز اور 5 مرتبان برآمد ہوئے۔

پولیس کے مطابق ان مرتبانوں میں جلی ہوئی انسانی باقیات موجود تھیں، حکام کا کہنا ہے کہ بعض باقیات یوجین ہورش کے مرحوم والد اور دیگر رشتہ داروں کی ہیں، تاہم 2 مرتبانوں میں موجود باقیات کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔

تفتیش کے دوران پولیس نے گھر سے ہارڈ ڈرائیوز، کمپیوٹرز اور دیگر ڈیجیٹل آلات بھی قبضے میں لیے۔ ان آلات میں 10 لاکھ سے زائد تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں، جنہیں تفتیش کا اہم حصہ قرار دیا جارہا ہے۔

حکام کے مطابق اب تک ڈیجیٹل فائلوں میں موجود 58 افراد کی شناخت کی جاچکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعض تصاویر اور ویڈیوز میں 5 خواتین بے ہوش یا بظاہر مردہ حالت میں نظر آتی ہیں، جس سے ان خواتین کے ممکنہ طور پر قتل کیے جانے یا کسی اور وجہ سے ہلاک ہونے کا خدشہ پیدا ہوا ہے۔

ان خواتین میں گیبریئل امارینڈو بھی شامل ہیں جو 2012 سے لاپتا ہیں، جبکہ میریبل فریسس کو آخری مرتبہ 2018 میں دیکھا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق 2017 کی کچھ تصاویر میں دونوں خواتین بے ہوشی کی حالت میں دکھائی دیتی ہیں، جبکہ بعد کی تصاویر نے ان کے ممکنہ انجام سے متعلق مزید سوالات پیدا کردیئے ہیں۔

تفتیش کاروں کو 2017 کی ایک ویڈیو بھی ملی ہے جس میں یوجین ہورش کے مرحوم والد ریمنڈ ’آر سی‘ ہورش کے ساتھ ایک خاتون نظر آتی ہیں۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ خاتون ممکنہ طور پر نکول فوسارو ہوسکتی ہیں۔

ریمنڈ ہورش کی سابق اہلیہ ایمی مک ہیل بھی لاپتا خواتین میں شامل ہیں۔ وہ 2016 میں لاپتا ہوئی تھیں اور ان کے اہل خانہ کے مطابق انہیں آخری مرتبہ اسی گھر میں دیکھا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق اس پراپرٹی سے تعلق رکھنے والی 5 خواتین کی ممکنہ ہلاکت کی تحقیقات کی جارہی ہیں، جبکہ 2 دیگر خواتین تاحال لاپتا ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ابھی تک کسی لاپتا خاتون کی موت کی حتمی تصدیق نہیں ہوئی۔

تحقیقات میں ایف بی آئی بھی فلاڈیلفیا پولیس کی معاونت کررہی ہے۔ حکام کے مطابق ڈیجیٹل مواد کی مقدار بہت زیادہ ہے اور اب تک تقریباً 30 فیصد فائلوں کا جائزہ لیا جاسکا ہے، اس لیے مزید شواہد سامنے آنے کا امکان موجود ہے۔

یوجین ہورش کو اسلحے اور جعلی سرکاری اسناد سے متعلق وفاقی مقدمات کا سامنا ہے۔ ان کے والد ریمنڈ ہورش پیشہ ور فوٹوگرافر تھے اور 2025 میں انتقال کرگئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت علاقے کے شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں، تاہم لاپتا خواتین سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس مذکورہ خواتین یا اس پراپرٹی سے متعلق کوئی معلومات موجود ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔

ماخذ: ARY News Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے