• ستمبر 11, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 11, 2026 9:16 شام
  • پاکستان

پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کل سے 17 ستمبر تک بارشیں ہوں گی جس کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ 12 سے 17 ستمبر کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی ہے، اس دوران راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش متوقع ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو موسمی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی اور کہا کہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کچے و بوسیدہ مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال کے دوران کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

دریں اثنا خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کل سے 17 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، 14 تا 17 ستمبر بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، میدانی اضلاع پشاور، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کی 24 گھنٹے فعال ہے اور صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے، عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے