• ستمبر 30, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 30, 2026 1:26 شام
  • پاکستان

واقعے پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی غیر معمولی طور پر حملے کی مذمت کی ہے

مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی گاؤں جلود میں 100 سے زائد اسرائیلی آبادکاروں نے حملہ کردیا، جس کے دوران فلسطینی عمارتوں اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی جبکہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں تین اہلکار معمولی زخمی ہوگئے۔

واقعے پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی غیر معمولی طور پر حملے کی مذمت کی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق آبادکاروں نے سڑکیں بند کیں، ٹائر جلائے اور سکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔

فوج کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران فلسطینی خاندان کے گھروں اور گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئی، جس کے باعث اس خاندان کی اپنے گھر واپسی کا منصوبہ ناکام ہوگیا۔ پولیس نے ایک شخص کو گرفتار جبکہ دو کم عمر افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوج ایک فلسطینی خاندان کو اس کے گھر واپس پہنچانے کی کوشش کر رہی تھی۔ خاندان کو تقریباً دو ماہ قبل آبادکاروں کے حملوں کے بعد اپنا گھر چھوڑنا پڑا تھا۔ فوج کی نگرانی میں خاندان کی واپسی شروع ہوئی، تاہم گھر پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد 100 سے زائد آبادکار وہاں جمع ہوگئے اور صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق آبادکاروں نے خاندان کے دو گھروں کو نقصان پہنچایا اور انہیں آگ لگائی۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ جھڑپوں کے دوران تین بارڈر پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے اور سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ فوج نے دو آبادکاروں کی گرفتاری اور واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات سکیورٹی فورسز کے کام میں رکاوٹ بنتے ہیں اور آبادکار برادری کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے بھی واقعے کو قانون کی حکمرانی اور اسرائیلی معاشرے کی بنیادی اقدار کے خلاف قرار دیا۔

جلود کے علاوہ مغربی کنارے کے ایک اور فلسطینی گاؤں المغیر میں بھی آبادکاروں کے حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جہاں گاڑیوں کو آگ لگانے اور املاک کو نقصان پہنچانے کی رپورٹس ہیں۔ مغربی کنارے میں آبادکاروں کے تشدد کے واقعات پر حالیہ عرصے میں بین الاقوامی سطح پر بھی تشویش اور تنقید میں اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق رواں سال کے پہلے نصف میں مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے حملوں میں مارپیٹ، توڑ پھوڑ اور آتش زنی جیسے واقعات شامل رہے اور اوسطاً روزانہ تقریباً چھ حملے رپورٹ ہوئے۔ دوسری جانب مغربی کنارے میں فلسطینی حملوں میں اسرائیلی شہریوں کے متاثر ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے