پاکستانی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک گرافک میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 30 ستمبر سے 10 روپے کا بینک نوٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دعویٰ
4 ستمبر کو فیس بک صارف نے ایک گرافک پوسٹ کیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ مرکزی بینک رواں ماہ 10 روپے کا بینک نوٹ بند کررہا ہے۔
پوسٹ میں لکھا گیا: ”حکومت پاکستان کا 10 روپے والا نوٹ بند کرنے کا فیصلہ، نوٹ تبدیل کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر، مقررہ تاریخ سے پہلے تمام افراد اپنے نوٹ تبدیل کروالیں۔“
اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے کے وقت تک پوسٹ کو 24 دفعہ لائک جبکہ اس پر 10 کمنٹ کیے گئے۔
اسی نوعیت کے دعوے فیس بک، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر بھی شیئر کیے گئے ہیں۔
حقیقت
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ 10 روپے کا بینک نوٹ بند نہیں کیا جا رہا ہے۔
17 ستمبر کو مرکزی بینک نے آن لائن گردش کرنے والے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا کہ 10 روپے کا بینک نوٹ بند کیا جا رہا ہے اور 30 ستمبر نوٹ تبدیل کرنے کی آخری تاریخ ہے، اور ان رپورٹس کو ’’بے بنیاد‘‘ قرار دیا۔
ایکس، جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر ایک پوسٹ میں اسٹیٹ بینک نے کہا: ’’ایس بی پی سوشل میڈیا پر 10 روپے کے بینک نوٹ کو مبینہ طور پر بند کرنے اور اسے تبدیل کرنے کی آخری تاریخ سے متعلق گردش کرنے والی رپورٹس کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔‘‘
مرکزی بینک نے وضاحت کی کہ اس نے بینک نوٹوں کی نئی سیریز متعارف کرانے کی تجویز پیش کی تھی تاہم یہ تجویز ابھی وفاقی کابینہ کے زیرِ غور ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بیانات یہاں اور یہاں پڑھے جا سکتے ہیں۔
فیصلہ: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے واضح طور پر اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔
