• ستمبر 11, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 11, 2026 4:57 شام
  • پاکستان

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے پاکستان کا مثبت تشخص اور قومی بیانیہ دنیا تک پہنچایا جا سکتا ہے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ (ڈی سی ڈی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں جاری اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو لائق تحسین قرار دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران نے حمزہ شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے انہیں ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں، دائرہ کار اور امور کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا اطلاعات کی ترسیل اور عوام سے رابطے کا مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور من گھڑت خبروں کی روک تھام ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اہم ذمہ داری ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات اور قومی بیانیے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پی ٹی وی ڈیجیٹل اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

حمزہ شہباز شریف نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں وزارت اطلاعات کی کاوشوں کو سراہا۔ انہیں اس شعبے میں جاری مختلف اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا عوام تک معلومات کی بروقت رسائی اور حکومتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے پاکستان کا مثبت تشخص اور قومی بیانیہ دنیا تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے عوامی رابطے اور مؤثر ابلاغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پی ٹی وی ڈیجیٹل کے ذریعے مواد کی ڈیجیٹل رسائی کو مزید وسعت دینے کے امور بھی زیر گفتگو آئے۔

دورے کے موقع پر وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے