اے این ایف نے کیچ کےعلاقے جُوسک میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3825 کلوگرام منشیات کی بھاری مقدار برآمد کر لی
اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں خفیہ ٹھکانے پرچھاپہ مارکارروائی کے دوران بیرون ملک اسمگل کیلیے جمع کی جانے والی 96من سے زائد منشیات تحویل میں لےلی،بین الاقوامی منڈی میں پکڑی جانے والی چرس،میتھ ایمفیٹامائن(آئس)اورہیروئن کی مالیت لگ بھگ 56کروڑروپے ہے۔
ترجمان اے این ایف کےمطابق منشیات کی اسمگلنگ کےخلاف کریک ڈاون کےدوران بلوچستان کےضلع کیچ کےعلاقے جُوسک میں ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3825 کلوگرام منشیات کی بھاری مقدار برآمد کر لی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مذکورہ مقام پر موجود کمپاؤنڈ کو مبینہ طور پر منشیات کی سپلائی کی غرض سےعارضی طورپرمنشیات ذخیرہ کرنے کےلیے استعمال کیا جارہاتھا۔
کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی منشیات میں 2454 کلوگرام چرس، 1363 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) اور 8 کلوگرام ہیروئن شامل ہے،جس کی مجموعی مالیت 56کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات افغانستان سے پاکستان اسمگل کی گئی تھی جو محفوظ اشارہ ملنے پر سمندری راستے سے بیرون ملک اسمگل کی جانی تھیں۔منشیات قبضے میں لے کراس سے منسلک اسمگلنگ نیٹ ورک اورسہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور گرفتاریوں کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان اے این ایف کےمطابق حالیہ کارروائی ایک بار پھر اس حقیقت کو اُجاگر کرتی ہے کہ افغانستان میں سرگرم بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس مخصوص جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پاکستان کی سرزمین اور سمندری راستوں کو دیگر ممالک تک منشیات پہنچانے کے لیے بطور راہداری استعمال کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔
تقریباً ایک ماہ قبل اے این ایف کی مؤثر انٹیلی جنس اور بروقت معلومات کے تبادلے کے نتیجے میں دوست ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کولمبوپورٹ(سری لنکا) پر کنٹینر سے 463کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کی تھی۔
اس نیٹ ورک کے افغان سرغنہ کو اے این ایف نے گرفتار کیا جس کے نتیجے میں افغانستان سےفعال منظم منشیات نیٹ ورکس کےعلاقائیا وربین الاقوامی روابط مذید نمایاں ہوئے۔ موجودہ کارروائی بھی اسی وسیع تر چیلنج کی عکاس ہے کہ اے این ایف ایسے نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف کی ملک بھر میں انسدادِ منشیات کارروائیاں پوری قوت اورعزم کے ساتھ جاری ہیں تاکہ منشیات کےخلاف جنگ میں”منشیات سے پاک پاکستان“ کی منزل کےحصول کویقینی بنایاجاسکے۔
