• ستمبر 15, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 15, 2026 2:08 شام
  • پاکستان

ایگرو پروسیسرز کی جانب سے 5 کروڑ 80 لاکھ 50 ہزار عام حصص پیش کیے گئے

ایگرو پروسیسرز اینڈ ایٹموسفیرک گیسز لمیٹڈ کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فہرست سازی کی تقریب ہوئی، جس سے ڈائریکٹر پی ایس ایکس احمد چنائے نے خطاب کیا۔ احمد چنائے نے کہا کہ ایگرو پروسیسرز پاکستان میں ایک معروف نام ہے اور آج اسٹاک ایکسچینج کی فہرست میں ایک نیا نام شامل ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایگرو پروسیسرز کی جانب سے 5 کروڑ 80 لاکھ 50 ہزار عام حصص پیش کیے گئے، جو کمپنی کے آئی پی او کے بعد ادا شدہ سرمائے کا 15 فیصد ہیں۔ ایگرو پروسیسرز کے حصص کی قیمت 33 روپے فی حصص مقرر کی گئی ہے۔

احمد چنائے نے کہا کہ رواں کیلنڈر سال میں یہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی 12ویں فہرست سازی ہے۔ اسٹاک ایکسچینج کے سرمایہ کاروں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ اگست میں 24 ہزار 788 نئے سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھولے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھول کر آئی پی اوز میں حصہ لے رہے ہیں اور بیرون ملک سے بھی نئے سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں شامل ہورہے ہیں۔ سرمایہ کاروں میں آگاہی کے لیے 150 سے زائد نشستیں منعقد کی گئیں، جبکہ یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے بھی سرمایہ کاری سے متعلق آگاہی بڑھائی جارہی ہے۔ خواتین کو اسٹاک مارکیٹ میں شامل کرنے کے لیے ’’شی انویسٹ‘‘ سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔

احمد چنائے نے کہا کہ ایگرو پروسیسرز نے اسٹاک ایکسچینج میں فہرست سازی کے لیے موزوں وقت کا انتخاب کیا۔

تقریب سے اے پی اے جی کے چیف ایگزیکٹو احمد عزیز غلام نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کمپنی کی فہرست سازی اور گونگ بجانا میرے لیے خواب تھا، کمپنی کو اسٹاک میں فہرست ہوتے دیکھنا میرے لیے اوسکر سے بڑا اعزاز ہے۔

احمد عزیز غلام نے کہا کہ اے پی اے جی چار دہائیوں پرانی کمپنی ہے، ہمارا مقصد کمپنی کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ مصنوعات عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے رابطے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کے لیے مثبت سوچ اپنانے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے ملک، اپنی کمپنی اور اپنی ٹیم پر اعتماد ہے۔ اپنی مصنوعات کے معیار اور وسائل کو عالمی سطح پر توسیع کے لیے استعمال کریں گے۔

احمد عزیز غلام کا کہنا تھا کہ اے پی اے جی صارفین کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے سے اسٹاک ایکسچینج میں نئے اکاؤنٹس کی تعداد بڑھے گی۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے