امریکی ثالثی میں جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے
اسرائیلی فوج نے غزہ میں فضائی حملوں کے دوران حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر محمد عبدالسلام الیازوری کو نشانہ بنایا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج اور داخلی سیکیورٹی ادارے شن بیت کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد الیازوری کو رات گئے خان یونس میں ایک درست نشانہ بنا کر کیے گئے فضائی حملے میں مارا گیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ محمد الیازوری نے خان یونس کے قسام بریگیڈ میں نائب کمانڈر، جنگی معاونت کے شعبے کے سربراہ اور انٹیلی جنس شعبے کے سربراہ سمیت مختلف ذمہ داریاں انجام دینے کے بعد بریگیڈ کی کمان سنبھالی تھی۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ محمد الیازوری حالیہ عرصے میں اسرائیلی فوج کے خلاف درجنوں حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد کی نگرانی کر رہے تھے جبکہ وہ خان یونس بریگیڈ کی عسکری صلاحیتیں دوبارہ منظم کرنے کی کوشش بھی کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسی فضائی حملے میں حماس کے ایک کمپنی کمانڈر حذیفہ معمر اور ایک دوسرے عسکری رکن محمد بہجت راشی کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے محمد الیازوری کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیلی کارروائی کی شدید مذمت کی۔
القسام بریگیڈز نے محمد الیازوری کو خان یونس بریگیڈ کا کمانڈر اور اپنی اعلیٰ عسکری قیادت کا رکن قرار دیتے ہوئے ان پر حملے کو اسرائیل کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔
ترجمان حماس کے مطابق محمد الیازوری 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر کیے گئے حملے کی منصوبہ بندی میں بھی اہم کردار ادا کرچکے تھے۔ رائٹرز کے مطابق وہ حماس کی اعلیٰ قیادت کی کونسل کے رکن بھی تھے۔
