• ستمبر 23, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 23, 2026 1:58 شام
  • پاکستان

خدمات، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجی سرمایہ کاری نے معاشی نمو میں کردار ادا کیا، ایشیائی ترقیاتی بینک

پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.7 فیصد ہوگئی ہے جب کہ نجی سرمایہ کاری میں بھی بڑا اضافہ ہوا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق مالی سال 2026 میں پاکستان کی معاشی شرح نمو بڑھ کر 3.7 فیصد ہوگئی، جو مالی سال 2025 میں 3.2 فیصد رہی تھی، جبکہ مالی سال 2027 میں بھی شرح نمو 3.7 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق خدمات، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجی سرمایہ کاری نے معاشی نمو میں کردار ادا کیا۔ سیلابی نقصانات کے باوجود مالی سال 2026 میں زرعی شعبے کی شرح نمو 2.9 فیصد رہی۔

پاکستان میں نجی سرمایہ کاری مالی سال 2026 کے دوران 8.6 فیصد بڑھ گئی، جبکہ مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے ملک کی بیرونی مالیاتی لچک مضبوط ہوئی۔ اے ڈی بی کے مطابق ایس اینڈ پی اور موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگز میں بہتری کی، جبکہ پاکستان نے اپریل اور مئی 2026 میں یورو بانڈ اور پانڈا بانڈز کے ذریعے عالمی کیپٹل مارکیٹس تک دوبارہ رسائی حاصل کی۔

پاکستان میں مالی سال 2026 کے دوران اوسط مہنگائی 7.1 فیصد رہی، جبکہ مالی سال 2027 میں اوسط مہنگائی 8.3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق مالی سال 2027 کے لیے متوقع مہنگائی مرکزی بینک کے 5 سے 7 فیصد ہدف سے زیادہ ہے۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے تنازع میں شدت پاکستان کی توانائی درآمدی لاگت بڑھا سکتی ہے، جبکہ خلیجی ممالک میں روزگار متاثر ہونے کی صورت میں پاکستان آنے والی ترسیلات زر پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے دوبارہ کفایت شعاری کے اقدامات معاشی سرگرمیوں کو متاثر کرسکتے ہیں، جبکہ عالمی مالیاتی حالات، ٹیکس محصولات اور موسمیاتی خطرات بھی معاشی منظرنامے کے لیے چیلنج ہیں۔

اے ڈی بی کے مطابق توانائی اور سرکاری اداروں میں اصلاحات میں تاخیر بھی معاشی خطرہ ہے۔ مالیاتی اور بیرونی استحکام برقرار رکھنے کے لیے اصلاحات پر مستقل عملدرآمد اہم ہے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے