• ستمبر 15, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 15, 2026 3:28 شام
  • پاکستان

فیس بک پر ایک پیج مبینہ سرمایہ کاری پلیٹ فارم ’حلال کیپیٹل‘ کی تشہیر کر رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ لوگ صرف 70 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کرکے لاکھوں روپے کماسکتے ہیں۔

اس پیج نے ایک ایسی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں مبینہ طور پر جیو نیوز کی ایک اینکرپرسن کو اس پلیٹ فارم کی تشہیر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

دعویٰ

27 جولائی کو فیس بک کے ایک صارف نے ایک ویڈیو پر مشتمل پوسٹ شیئر کی، جس میں جیو نیوز کی ایک اینکر کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ پاکستانی کاروباری شخصیت میاں محمد منشا نے پاکستانی شہریوں کے لیے ’حلال کیپیٹل‘ پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔

اینکر کہتی ہیں، ”اب کوئی بھی بغیر کسی محنت یا علم کے آسانی سے ہفتے میں 28 لاکھ روپے کما سکتا ہے۔“

ویڈیو میں میاں محمد منشا کی فوٹیج بھی شامل ہے، جس میں وہ بظاہر اس پلیٹ فارم کی حمایت کرتے اور یہ دعویٰ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ صارفین روزانہ لاکھوں روپے اور ہفتہ وار ملینز(millions) روپے کما سکتے ہیں۔

اسی طرح کی ایک پوسٹ فیس بک پر یہاں بھی شیئر کی گئی۔

حقیقت

جیو نیوز نے ایسے کسی پلیٹ فارم کی تشہیر نہیں کی، جبکہ کاروباری شخصیت میاں محمد منشا کی اصل فوٹیج کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ آڈیو کے ذریعے تبدیل کیا گیا ہے۔

جیو فیکٹ چیک کی جانب سے کیے گئے ریورس امیج سرچ کے ذریعے میاں منشا کی فوٹیج کا سراغ ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (ACCA) پاکستان کے 4 مارچ 2019 کو منعقدہ ایک ایونٹ کی ویڈیو تک پہنچا۔

اصل ویڈیو، جو 19 منٹ اور 52 سیکنڈ دورانیے پر مشتمل ہے، ACCA پاکستان کے آفیشل یوٹیوب چینل پر نشر کی گئی تھی۔

جیو فیکٹ چیک نے مکمل ویڈیو کا جائزہ لیا اور معلوم ہوا کہ میاں منشا نے نہ تو ’حلال کیپیٹل‘ پلیٹ فارم کی حمایت میں کوئی بیان دیا اور نہ ہی وائرل ویڈیو میں ان سے منسوب سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع سے متعلق کوئی دعویٰ کیا۔

اس کے علاوہ، جیو نیوز کے ترجمان نے بھی جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کی کہ وائرل ویڈیو جعلی ہے اور اسے چینل نے نشر نہیں کیا تھا۔ ترجمان نے کہا، ”نہیں، یہ جعلی ہے۔“

وائرل ویڈیو میں موجود آڈیو کا تجزیہ ڈیپ فیک آوازوں کی شناخت کرنے والے ٹول Hiya کے ذریعے بھی کیا گیا۔

ٹول نے آڈیو کو 100 میں سے 21 کا مستند ہونے کا اسکور دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آڈیو کے مصنوعی ذہانت سے تیار کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

فیصلہ: ویڈیو میں تبدیل شدہ فوٹیج اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ آڈیو استعمال کرکے میاں محمد منشا کو غلط طور پر ’حلال کیپیٹل‘ سرمایہ کاری پلیٹ فارم سے منسلک کیا گیا ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔

ماخذ: Geo News Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے