عالمی مارکیٹ میں سونا 56 ڈالر فی اونس اور مقامی سطح پر 5600 روپے فی تولہ سستا ہوگیا
سونے اور چاندی کی عالمی و مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں آج کمی واقع ہوگئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج جمعرات کے روز سونے کی قیمتوں میں 56 ڈالر فی اونس کی کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4 ہزار 258 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔
عالمی مارکیٹ کے زیر اثر مقامی صرافہ بازاروں میں بھی آج کاروباری ہفتے کے چوتھے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 600 روپے کی کمی ہوگئی، جس کے نتیجے میں نئی قیمت 4 لاکھ 48 ہزار 336 روپے فی تولہ کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح مقامی سطح پر فی 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 801 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 84 ہزار 375 روپے ہو گئی۔
سونے کی قیمتوں کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 171 روپے کی کمی سے 6 ہزار 837 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 147 روپے کی کمی سے 5 ہزار 81 روپے کی سطح پر آگئی۔
