• ستمبر 16, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 16, 2026 9:20 شام
  • پاکستان

پیر کو خمیس مشیط، ابہا اور طائف سمیت تین شہروں پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملے میں 13 شہری زخمی ہوئے تھے

یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کے ساحلی شہر ینبع میں واقع آرامکو کی تیل تنصیبات اور جنوبی شہر خمیس مشیط کے فوجی فضائی اڈے کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے بتایا کہ دونوں حملے سعودی عرب کی جانب سے یمن میں حوثی ٹھکانوں پر کیے گئے فضائی حملوں کے جواب میں کیے گئے۔

حوثی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آرامکو کی تنصیب پر درجنوں بیلسٹک میزائل اور ڈرون داغے جو براہِ راست ہدف پر لگے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی اور تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ جنوبی شہر خمیس مشیط کے فوجی فضائی اڈے کو بھی متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا جس میں کھڑے جہازوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

تاحال سعودی عرب نے ینبع کی آرامکو تنصیبات یا خمیس مشیط ایئر بیس پر حملوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔ نہ ہی رائٹرز کے پوچھے گئے سوال کا فوری جواب دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے یہاں تک کہ گزشتہ روز تاریخ میں پہلی بار مکہ مکرمہ کے لیے فضائی حملے کے خطرے کا الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا جسے بعد میں واپس لے لیا گیا تھا۔

اس کے فوری بعد سعودی عرب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے یمن سے حوثی گروپ کی جانب سے مکہ مکرمہ کی طرف بھیجا گیا ڈرون فضا میں ہی تباہ کردیا تھا۔

حوثی سیاسی بیورو کے رکن حازم الاسد نے مکہ پر ڈرون حملے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سعودی عرب کا ’روایتی جھوٹا بیانیہ‘ ہے جس پر اب کوئی بھی ذی ہوش یقین نہیں کرتا۔

قبل ازیں سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے تصدیق کی تھی کہ پیر کو خمیس مشیط، ابہا اور طائف سمیت تین شہروں پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں 13 شہری زخمی ہوئے تھے جبکہ 7 گھروں اور 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے