وزیر صحت کی زیرِ صدارت پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کا اجلاس، ادویات پر 2D بار کوڈ کے نفاذ پر گفتگو
وفاقی وزیر صحت نے کہا ہے کہ جعلی ادویات کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے، جس کے بعد معیاری فارماسیوٹیکل صنعت کی ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے ساتھ اہم اجلاس ہوا جس میں ویٹرنری ادویات پر 2D بارکوڈ نظام کے نفاذ اور ٹریس ایبلٹی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے کہا کہ جعلی ادویات کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے، جعلی ادویات کے خاتمے سے معیاری فارماسیوٹیکل صنعت کی ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ویٹرنری پولٹری ادویات کی محفوظ، مستند اور قابلِ تصدیق فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، ادویات پر 2D بار کوڈ کے نفاذ کیلئے ڈیڑھ سال سے کام جاری ہے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ بارکوڈ کا نظام جعلی اور غیر معیاری ویٹرنری اور پولٹری ادویات کی روک تھام میں معاون ہوگا، جانوروں میں استعمال ہونے والی ادویات بھی انسانی صحت سے براہِ راست جڑی ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ ون ہیلتھ کے اصول کے تحت ویٹرنری ادویات کے مؤثر ضابطے اور نگرانی کو یقینی بنانا ہوگا۔
