کینسر 60 سلہ شہری کے جگر اور ران کی ہڈی سمیت جسم کے کئی حصوں تک پھیل چکا تھا
آسٹریلیا میں دل کی سرجری کرانے والے ایک شخص کو آخری اسٹیج کے جِلد کے کینسر سے مکمل صحتیابی مل گئی۔
60 سالہ شخص اسٹیج 4 میلانوما یعنی جلد کے خطرناک ترین کینسر میں مبتلا تھا۔ کینسر اس کے جگر اور ران کی ہڈی سمیت جسم کے کئی حصوں تک پھیل چکا تھا اور وہ باقاعدہ علاج کرا رہا تھا۔
اسی دوران اسے ایک غیر متعلقہ طبی مسئلے کے باعث دل کی سرجری کرانی پڑی۔ سرجری کے چند ماہ بعد ہونے والے معائنے میں ڈاکٹروں نے دیکھا کہ اس کے جسم میں موجود کینسر کے تمام ٹیومرز حیرت انگیز طور پر غائب ہوچکے تھے۔
مریض (جسے طبی رپورٹ میں صرف مسٹر اے کہا گیا ہے) نے بتایا کہ کینسر کے مکمل خاتمے کی خبر سن کر وہ حیران اور انتہائی خوش ہوا، جبکہ جذبات پر قابو رکھنا بھی مشکل ہوگیا۔
اس کیس میں ایک اور حیران کن واقعہ دو سال بعد پیش آیا، جب مسٹر اے کو شہد کی مکھی کے ڈنک سے جان لیوا الرجی ہوگئی۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ اس سے قبل اسے مکھیوں کے درجنوں ڈنک لگ چکے تھے، لیکن کبھی الرجی نہیں ہوئی تھی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اچانک پیدا ہونے والی الرجی شاید اس کے مدافعتی نظام میں کسی اہم تبدیلی کی علامت ہو، جو کینسر کے غائب ہونے میں بھی کردار ادا کر سکتی ہے۔ تاہم، یہ صرف ایک کیس ہے اور اس تعلق کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔

